ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جنوبی کشمیر آمد، کشمیری خواتین کے آزادی کے حق میں نعرے
سری نگر(کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو جنوبی کشمیر میں اس وقت خواتین کی جانب سے آزادی کے حق میں نعروں کا سامنا کرنا پڑ ا جب وہ ادھم پور میں ہندو بلوائیوں کے حملے میں جاں بحق ہوئے نوجوان زاہد رسول کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کیلئے جارہے تھے ۔تاہم نعروں کے بیچ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے سو گواراں کے ساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بند ھائی ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مرحوم کے لواحقین کو اتنا معاوضہ فراہم کرے جتنا داردی واقعہ کے متاثرین کو دیا گیا کیونکہ یہ واقعہ کسی بھی زاوئے سے داردی سے کم نہیں۔جو نہی ڈاکٹر فاروق بوٹینگو پہنچے۔
تواسی اثنا میں علاقہ کی چند ایک خواتین گھروں سے باہر آ ئیں اور انہوں نے فاروق عبداللہ اور ان کے ساتھیوں کو دیکھ کر ان کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اسلا م اور آزادی کے حق میں زوردار نعرہ بازی کی۔ اس دوران جب حالات بے قابو ہو نے لگے تو فوری طور پولیس کو طلب کیا گیا جنہوں نے احتجاجی خواتین کو تتر بتر کرنے کیلئے کاروائی کی جس کے نتیجے میں زاہد رسول کی بہن نجمہ کو معمولی چوٹیں آ ئیں ۔بعد میں فاروق عبداللہ پارٹی کے دیگر لیڈران کے ساتھ تعزیت کرنے کے بعد وہاں سے نکل گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق وہاں موجود خواتین نے جب فاروق عبداللہ اور ان کے ساتھیوں کو دیکھا تو غم و غصہ سے ان کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیا اور انہیں کھری کھری سنائی ۔ان خواتین میں زاہدہ اختر دختر غلام رسول بٹ پیش پیش تھی ۔زاہدہ نے فاروق عبداللہ کو بتایا کہ سال 2010میں اسے بھی گولی لگی اور آپ کی سرکار نے ان کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا جبکہ آپ نے خون خرابہ کرنے کے سوا اور کچھ بھی اس قوم کو نہیں دیا ۔خواتین نے اس دوران آزادی اور اسلام کے حق میں نعرہ بازی کی ۔معلوم ہوا ہے کہ اس موقعے پر معزز شہریوں نے مداخلت کی جس کے بعد ڈاکٹرفاروق عبداللہ اور علی محمد ساگر نے مرحوم زاہد رسول کے سو گواراں کے ساتھ تعزیت کی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مرحوم کے لواحقین کو اتنا معاوضہ فراہم کرے جتنا داردی واقعہ کے متاثرین کو دیا گیا کیونکہ یہ واقعہ کسی بھی زاوئے سے داردی سے کم نہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، جنوبی کشمیر زون صدر سکینہ ایتو، ایم ایل اے ہوم شالی بگ ایڈوکیٹ عبدالمجید لارم، ایم ایل سی بشیر احمد ویری،صدرِ ضلع اسلام آباد ڈاکٹر محمد شفیع شاہ ، صفدر علی خان اور دیگر سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔