'ارضِ نبوت' کی بھاری ذمہ داریاں ہمارے کندھوں پر ہیں،شاہ سلمان

'ارضِ نبوت' کی بھاری ذمہ داریاں ہمارے کندھوں پر ہیں،شاہ سلمان

  

ریاض(کے پی آئی)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سرزمین اسلام اور ارض نبوت کے قائدین کی حیثیت سے ہماری ذمہ داریاں بھی غیرمعمولی اور سب سے بڑھ کر ہیں۔ پورے عالم اسلام کی کتاب و سنت کے مطابق درست رہنمائی بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز ریاض میں قصر الیمامہ میں وزیراطلاعات و ثقافت عادل الطریفی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عادل الطریفی نے گذشتہ روز صحافیوں، اخبارات کے مالکان اور شعبہ ثقافت سے متعلق اہم شخصیات کے ایک وفد کے ہمراہ شاہ سلمان سے ان کے محل میں ملاقات کی تھی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ مجھے آپ لوگوں سے مل کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ اللہ کا شکر یہ کہ سعودی قوم باہم متحد ہے۔ ہمارے صحافی، اسکالر اور ثقافت سے وابستہ لوگ محبت و بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور حق و تقوی کی بنیاد پر ایک دوسرے سے محبت و تعاون کرتے ہیں۔انہوں نے وفد کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تعلق اسلام سے ہے۔ ہم مسلمانوں کے قبلہ و کعبہ کے وارث و نگہبان ہیں۔ اس لیے ملک مملکت سعودی عرب میں کتاب و سنت کا پرچم بلند رکھنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، کیونکہ یہ ملک کتاب وسنت ہی کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔ پوری دنیا کے مسلمان دن میں پانچ مرتبہ خانہ کعبہ کی جانب رخ کرے نمازیں ادا کرتے ہیں۔

یہ وہ سرزمین ہے جسے اللہ نے وحی، نبوت و رسالت کے لیے چنا۔ یہاں پر مدینتہ الرسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ ثقافت سے وابستہ لوگ جانتے ہیں کہ مدین النبی کی ہمارے ہاں کتنی اہمیت ہے"۔شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ اسلام کا مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب جزیر العرب کا بھی ایک بڑا جزو ہے۔

یہی سے اہل عرب کتاب وسنت کا پیغام لے کر دنیا کے کونے کونے میں پہنچے۔ میں نے بار بار کہا ہے اور اب بھی یہی کہتا ہوں کہ اہل عرب کے لیے یہی عزت و افتخار کافی ہے کہ ہماری زبان کو اللہ نے اپنے قرآن کے نزول کے لیے منتخب فرمایا۔ ہمارے لیے اس سے بڑی اور کیا نعمت ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری ذمہ داریاں بھی بہت بڑی ہیں، ہمیں اپنے بچوں اور بچیوں کی تربیت اسلامی تعلیمات کے مطابق کرنی ہے۔ انہیں وطن سے محبت کا درس دینا ہے تاکہ وہ اپنے ملک کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔

مزید :

عالمی منظر -