جج کی شہرت داغدار ہو جائے تو اسے خودکشی کرلینی چاہیے :چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منظور احمد ملک
لاہور(نامہ نگار)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے کہا ہے کہ سائلین اور وکلاءکے ججز سے شکوے ہیں کہ ان کے فیصلے تاخیر سے اورمیرٹ پر نہیں ہوتے ان کے شکوے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ضلعی عدلیہ کی ججز کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ جس جج کی شہرت داغدار ہو اور اس کے بارے میں کرپشن کی باتیں کی جائیں اسے خودکشی کر لینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بار کی اجتماعی سوچ غلط نہیں ہو سکتی ججز کواپنی شہرت مثبت بنانا ہو گی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اعجازالاحسن نے کہا کہ تاریخ کا سبق موجود ہے کہ انصاف نہ کرنے والے معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لئے ہمیں مل کر سخت محنت اور جدوجہد کرنی ہو گی۔نامزد چیف جسٹس نے کہا کہ ہم سب اللہ کے حضور جواب دہ ہیں ،میرا ایمان ہے کہ ججز کےلئے جزا اور سزا کا معاملہ عام لوگوں سے مختلف اور کڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ بار عدلیہ کا حصہ ہے ،بار اور بنچ مل کر احترام اور اعتماد کا رشتہ مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔