بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کامیابی حاصل کریگی،میاں مقصود
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ جماعت اسلامی انشاء اللہ 31اکتوبر کوپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام بلدیاتی انتخابات میں اپنے ووٹ کاصحیح استعمال کرتے ہوئے ایسے لوگوں کومنتخب کریں جواچھے کردار کے حامل اورحقیقی معنوں میں عوام کے ترجمان ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں منصورہ حبیب پارک یونین کونسل کے بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں اور ایسے لوگوں کوووٹ دیں جو مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔انہوں نے کہاکہ پہلے ہی حکمران پارٹی کی نااہلی کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔مہنگائی کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔عوام کوریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔اشیاء خوردونوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔حکمران عاقبت نااندیش پالیسیوں کے ذریعے عوام کے خون پسینے کی کمائی مختلف ٹیکسوں کی مد میں لوٹ رہے ہیں۔پاکستان کومسائلستان بنادیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں عوام قومی دولت کولوٹنے والے بدعنوان عناصر کوناکام بنادیں اور عوام کی حقیقی قیادت کوکامیاب کریں تاکہ ملک سے کرپشن،ظلم وناانصافی اور مہنگائی کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ لاہورسمیت صوبہ بھر میں لاقانونیت کی انتہاء ہوچکی ہے۔دن دیہاڑے لوگوں کولوٹ لیاجاتاہے۔10کروڑ عوام کی جان ومال غیر محفوظ ہوچکے ہیں۔