شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کی جانب سے آزاد امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کا نوٹس لے لیا

شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کی جانب سے آزاد امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے ...

  

لاہور( جاوید اقبال/شہزاد ملک) وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں پارٹی کے بعض ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے پارٹی کی ٹکٹوں پر بلدیاتی الیکشن لڑنے والوں کی حمائت کرنے کی بجائے آزاد امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے مذکورہ ارکان اسمبلی کو طلب کرکے اور بعض کوٹیلی فونک رابطہ کرکے سختی سے ہدایت کی ہے کہ اگر انہوں نے بلدیاتی الیکشن کے موقع پر پارٹی امیدواروں کی بجائے کسی آزاد امیدوار کے لئے ووٹ مانگا یا پھر آزاد امیدوار کی ڈھکے چھپے بھی حمائت کی تو پھر ایسے ارکان اسمبلی کے خلاف پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے تحت فوری طور پر کاروائی کی جائے گی اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے باوثوق ذرائع نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر کی حیثیت سے مسلم لیگ (ن) لاہور اور مختلف اضلاع کی نواز لیگ کی تنظیموں کی طرف سے یہ رپورٹ دی گئی تھی کہ بعض ارکان اسمبلی مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی بجائے آزاد امیدواروں کے پینل کی نہ صرف حمائت کررہے ہیں بلکہ ان کی انتخابی مہم بھی چلا رہے ہیں جس کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والوں کی پوزیشن خطرے میں پڑ سکتی ہے اور اس طرح سے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی امیدواروں کو شکست بھی ہو سکتی ہے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی تنظیموں ان رپورٹس کے بعد وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایسے ارکان اسمبلی جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ آزاد امیدواروں کی در پردہ یا پھر کھلم کھلا حمائت کررہے ہیں انہیں فوری طور پر طلب کیا تھا اور ان سے ملاقات کرکے انہیں سختی سے ہدائت کی تھی کہ وہ صرف اور صرف پارٹی ٹکٹوں پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے لئے ووٹ مانگیں اور متحد ہو کر بلدیاتی الیکشن میں سیاسی مخالفین کا مقابلہ کیا جائے اور اپنے ذاتی اختلافات کو پارٹی پر نہ اثر انداز ہونے دیا جائے اگر کسی کی وجہ سے پارٹی کے امیدوار کی پوزیشن کو نقصان ہوا اور یہ بات ثابت بھی ہو گئی تو پھر ایسے ارکان کے خلاف پارٹی ڈسپلن کے تحت فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ٹیلی فون پر بھی ارکان اسمبلی سے رابطہ کیا اور انہیں ہدائت کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی زیادہ سے زیادہ کامیابی کے لئے اپنا رول ادا کریں الیکشن میں مسلم لیگ کی کامیابی کا نتیجہ مثالی ہونا چاہئے۔

مزید :

صفحہ اول -