عاصمہ جہانگیر گروپ کے علی ظفر صدر، حامد خان کے نامزد اسد منظور بٹ سیکرٹری منتخب
لاہور(نامہ نگار)سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں سپریم کورٹ بار کی سابق سدر عاصمہ جہانگیر کے نامزد صدارتی امیدوار علی ظفر نے میدان مار لیا اور وہ بھاری اکثریت سے سپریم کورٹ بار کے صدر منتخب ہو گئے ان کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی ان کے حامی وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے اورایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں ۔بیرسٹر علی ظفرمعروف قانون دان ایس ایم ظفر کے صاحبزادے ہیں ،انہوں نے حامد خان گروپ کے نامزد صدارتی امیدوار پیر کلیم خورشید کو278ووٹوں سے شکست دی ،بیرسٹر علی ظفر نے1182ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل پیر کلیم خورشید صرف 904ووٹ حاصل کر سکے ۔بیرسٹر علی ظفر کو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن )کی حمائیت بھی حاصل تھی ۔سپریم کورٹ بار کے سیکریٹری کے عہدہ پر حامد خان گروپ کے نامزد امیدوار اسد منظور بٹ 1116ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ،انہیں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے وکلا کی حمایت بھی حاصل تھی ،انہوں نے اپنے مد مقابل عاصمہ جہانگیر گروپ کے نامزد سیکریٹری کے امیدوار آفتاب باجوہ کو صرف 6ووٹوں سے شکست دی ۔آفتاب باجوہ نے 1110ووٹ حاصل کئے ،عاصمہ جہانگیر گروپ نے سپریم کورٹ بار کی بلوچستان اور کے پی کے کی نائب صدارت کے عہدوں پر بھی کامیابی حاصل کر لی ۔بلوچستان سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے عبداللہ کاکڑ نے جبکہ کے پی کے سے سردار حسین نائب صدر منتخب ہو گئے ۔سندھ کی نائب صدارت حامد خان گروپ کے ہاتھ چلی گئی وہاں سے سید جمیل کامیاب ہوئے پنجاب کی نائب صدارت پر غیر حتمی نتائج متنازعہ ہوگئے ،اس عہدہ پر غیر حتمی نتائج کے مطابق حامد خان گروپ کی خاتون امیدوار تابندہ اسلام صرف 3ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئیں ،انہوں نے 1018ووٹ حاصل کئے جبکہ اس عہدہ پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار بختیار علی سیال نے 1015ووٹ حاصل کئے تاہم 9ووٹوں کے اعتراض شدہ نکلنے پر پریذائیڈنگ آفیسر نے عاصمہ جہانگیر گروپ کے اعتراض پر معاملہ چیف ریٹرننگ آفیسر کو اسلام آباد بھجوا دیا ہے جو ان نتائج کا ازسر نو جائزہ لے کر اعلان کریں گے۔