ضرب عضب آپریشن کے ذریعے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں پر کاری ضرب لگائی گئی ، شہباز شریف

ضرب عضب آپریشن کے ذریعے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں پر کاری ضرب لگائی ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے امریکی قونصلیٹ لاہور میں امریکہ کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکن رائیڈر (Mr.Zachary Harkenrider ) کے ساتھ مل کر کیک کاٹا ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امریکہ کے 239 ویں قومی دن کی تقریبات پر امریکی عوام کو مبارکباد دی اورکہاکہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ مختلف ادوار میں پاک امریکہ تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہی تاہم دوستی کا یہ رشتہ 6دہائیوں پر محیط ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں پاک ا مریکہ تعلقات باہمی احترام ،ترقی اورخوشحالی کے اصولوں پر استوار ہوئے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کا حالیہ دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔دونوں ملکو ں نے ترقی اور خوشحالی کے مواقع سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں بھرپور تعاون کر رہاہے۔تعلیم ،صحت اور توانائی کے شعبوں میں امریکی تعاون قابل قد ر ہے۔مظفر گڑھ میں امریکہ کے تعاون سے پاور پلانٹ کو دوبارہ چلایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کو توانائی بحران کے ساتھ دہشت گردی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔پاکستان کی بہادر افواج اور زندگی کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 50ہزار سے زائد پاکستانی اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بندوق کی گولی کے ساتھ سماجی ومعاشی انصاف کی گولیاں بھی ضروری ہیں۔ روز گار کے مواقع بڑھا کر او رغربت میں کمی کر کے انتہاء پسندانہ رحجانات کا خاتمہ کیا جا سکتاہے۔ضرب عضب آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔ پوری پاکستانی قوم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کر چکی ہے۔پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک صفحہ پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی معروف کمپنی جنرل الیکٹرک نے پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے منصوبوں کا شفاف انداز میں کنٹریکٹ حاصل کیاہے۔گیس کی بنیاد پر لگنے والے تین منصوبوں سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی ۔گیس کے ان تین منصوبوں میں شفاف بڈنگ کے ذریعے انتہائی کم قیمت پر کنٹریکٹ دیا گیاہے۔گیس کے یہ منصوبے ماضی میں لگنے والے منصوبوں کے مقابلے میں آدھی قیمت پر لگ رہے ہیں۔ان منصوبوں میں 112ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ پاکستان او رامریکہ کے مابین معاشی تعاون میں اضافہ ہورہاہے۔ امریکن قونصل جنرل زیچرے ہارکن رائیڈر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف انتہائی محنت سے عوامی منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا،جس میں پنجاب میں کاروباری مواقعوں کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔ دوروزہ بین الاقوامی سیمینار نومبر کے آغاز میں لاہور میں ہوگا،جس میں بیرون ملک سے سرمایہ کار کمپنیاں اورعہدیداران شرکت کریں گے جبکہ پاکستان سے بھی سرمایہ کار شریک ہوں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین پالیسیوں اورسازگار ماحول کے باعث پنجاب سرمایہ کاری کامرکز بن چکاہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار فضاء کو یقینی بنایاگیا ہے اور صوبے میں کاروباری مواقع بڑھانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اورتجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کرغربت اوربے روزگاری کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جا سکے گااوریہ سیمینار پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوگا۔بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد سے پنجاب میں سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات اجاگر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیمینار میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے متعدد ترقیاتی پروگراموں سے صوبے میں کاروباری سرگرمیاں بڑھی ہیں تاہم اس میں ابھی مزید اضافے کی بے پناہ گنجائش ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سیمینار کے حوالے سے ہر لحاظ سے بہترین انتظامات کیے جائیں ۔سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور کمشنر لاہور ڈویژن کی سیمینار کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی ۔صوبائی وزیرخزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ،متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی کے قومی دن کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان اور ترک عوام کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ترکی نے چند برسوں میں ترقی کے مراحل تیزی سے طے کئے ہیں۔ جمہور ی نظام کے استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل سے ترکی چند برس کے دوران دنیا کا ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے صدر رجب طیب اردگان کی ولولہ انگیز لیڈرشپ کے باعث غیرمعمولی ترقی کی ہے جو ترقی پذیر ممالک کیلئے رول ماڈل ہے۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے برادر ملک ترکی کی بے مثال ترقی پر فخر کرتے ہیں اور ترکی کی کامیابی اور عالمی برادری میں ترکی کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ پر اس کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ثقافت، تاریخ اور روایات کے مشترکات کی بنیاد پر مثالی تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔پاکستان اور ترکی کے عوام ایک دوسرے کی کامیابیوں اور مشکل گھڑیوں میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آئے ہیں۔ زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت، ترکی ہمیشہ پاکستان اور یہاں کے عوام کے شانہ بشانہ رہا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ دوستی اور سماجی تعلقات کا تسلسل اس امر کی گواہی دیتا ہے کہ دونوں ممالک اور ان کی عوام کے دلوں میں رشتوں کی جھلک زندگی کے ہر شعبے میں موجود ہے۔ ترکی کی طرف سے ہمیشہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی سماجی اور معاشی امداد اور تعاون پاک ترک مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردگان ہسپتال پاکستان کیلئے شاندار تحفہ ہے اور پاک ترک دوستی کی عمدہ مثال ہے۔ ترکی پاکستان کا نہایت قابل اعتماد اور دوست ملک ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان لازوال تاریخی تعلقات موجود ہیں ۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے یکساں سوچ کے مالک ہیں۔ ترکی کی متعدد سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان بالخصوص پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہدونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ بھائی چارے کے جذبات کو معاشی تعاون کی شکل دینے کا اعزاز مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں فلاح عامہ کیلئے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت، اعلیٰ معیار اور برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرۂ امتیاز ہے۔میٹروبس پراجیکٹس کے ذریعے عام آدمی کو ٹرانسپورٹ کی جدید، معیاری اورباکفایت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے منصوبے جاری و ساری رہیں گے۔منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور اور پاکستان میٹرو بس پراجیکٹس کو عوام نے زبردست پذیرائی دی ہے۔روزانہ لاکھوں افراد میٹروبسوں کے ذریعے اپنی منزل مقصود تک پہنچ رہے ہیں ۔ملتان میں میٹرو بس پراجیکٹ پر دن رات کام کیا جا رہا ہے۔لاہور میں چین کے تعاون سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہمیٹرو بس سسٹم نے عوام کیلئے آمد و رفت میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔میٹرو بسوں کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد سفر کر رہے ہیں۔ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ایم ڈی نیسپاک، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی ایل ڈی اے اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ حنیف عباسی، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور دیگر اعلی افسران کمشنر آفس راولپنڈی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور توانائی بحران کاخاتمہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ ملک سے دہشت گردی و انتہاپسندی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے بجلی کے منصوبوں پر دن رات کام کیا جا رہاہے اور پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں ۔توانائی بحران کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور 2017 کے آخر تک متعدد توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک وقوم کی ترقی کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے روحیل اصغر او رایم پی اے غزالی بٹ شامل تھے۔

مزید :

صفحہ اول -