موجودہ حکمرانوں کے ہاتھ میں ملکی خزانہ محفوظ نہیں ،اعتزاز احسن
لاہور(آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے ہاتھ میں ملکی خزانہ محفوظ نہیں،چند سو روپے انکم ٹیکس دینے والے اتنے بڑے سرمایہ دار کیسے بن گئے۔سپریم کورٹ بار کے الیکشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نندی پورمنصوبے کو 80 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا ہے کیونکہ بڑے منصوبوں میں کک بیک زیادہ ملتا ہے،ایل این جی منصوبے میٹروبس سروس کا بھی یہی معاملہ ہے۔سولر انرجی100میگاواٹ کی بجائے صرف 12میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ صرف سندھ میں اور ایک پارٹی کا احتساب ہو رہا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے1994ء سے1996ء کے دوران صرف477روپے انکم ٹیکس دیا،نیب اور ایف بی آر اسے بھی دیکھیں۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے امیدواروں کو مہم چلانے کی مہلت نہیں ملی،تاہم اس کے باوجود الیکشن ضرور ہونے چاہئیں۔