مولاناظفرعلی خاں نے تحریک پاکستان میں بے مثال کردار ادا کیا،سعدیہ راشد

مولاناظفرعلی خاں نے تحریک پاکستان میں بے مثال کردار ادا کیا،سعدیہ راشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)تحریک پاکستان کے عظیم رہنما بابائے صحافت مولانا ظفرعلی خاں کے مزار واقع کرم آباد پر ہمدرد فاؤنڈیشن کی صدر سعدیہ راشد نے ایک وفد کے ہمراہ حاضری دی اور عظیم لیڈر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ظفرعلی خاں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نواز اتھا۔ مولانا نے انہی خوبیوں کوایک طرف اسلام کی سربلندی دوسری طرف فرنگی حکمرانوں اور ہندوؤں کی اکثریتی بربریت کے خلاف جدوجہد میں صرف کیا۔ دراصل مولانا نے آج سے سوبرس پہلے ہمیں خبردار کیا تھا کہ برصغیر میں مسلمان علیحدہ شناخت ،رہن سہن اور روایات کی حامل قوم ہے۔ ہم ان کے شعری کلام روزنامہ’’زمیندار‘‘ کے اداریوں اور تقاریر کا مشاہدہ کرکے اندازہ کرسکتے ہیں کہ مولانا نے ایک زیرک اور محسن قوم کی حیثیت سے ہندولیڈروں کی متعصبانہ ذہنیت سے برصغیر کے مسلمانوں کو بروقت آگاہ کیا۔انہوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم مولانا ظفرعلی خاں اور دیگر مشاہیر کے نقش قدم پر چلیں اور اپنی جداگانہ شناخت اورحیثیت منوانے کے لیے ذراغ ابلاغ کاموثر استعمال کریں۔ سعدیہ راشد نے مولاناظفرعلی خاں کے صحافتی اور ادبی اثاثے کی ازسرنواشاعت اور تحقیقی منصوبوں کے سلسلے میں مولاناظفرعلی خاں ٹرسٹ کی کوششوں کو سراہا اور مہمانوں کی کتاب میں مولانا کے لیے تاثرات درج کیے۔ اس موقع پر مولانا ظفرعلی خاں ٹرسٹ کے گورننگ بورڈ کے ممبر اور ممتاز سماجی شخصیت نوازش علی چیمہ نے محترمہ سعدیہ راشد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں ٹرسٹ کی شائع کردہ تمام کتب کا سیٹ پیش کیا اور انہیں ٹرسٹ کے چیئر مین خالد محمود، خازن مجیب الرحمن شامی، سیکرٹری راجہ اسدعلی خاں اورممبران کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر محترمہ سعدیہ راشد کے ہمراہ ڈاکٹرعبدالحنان وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی ،محترمہ فاطمہ منیر احمد متولیہ ہمدردفاؤنڈیشن ،حکیم راحت نسیم سوہدروی ممبر نیشنل کونسل برائے طب،سید علی بخاری ڈپٹی ڈائریکٹر ہمدرد فاؤنڈیشن ،بشیر بھیروی نائب صدر پیم پنجاب ،ارشد سلیمی، حکیم رفعت عثمان، ڈاکٹر ارسلان اختر افغانی، محمد اویس کرنی اور دیگر موجود تھے۔
سعدیہ راشد