کوہاٹ سے کراچی اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام ملزمان گرفتار

کوہاٹ سے کراچی اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام ملزمان گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ جرما پولیس نے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ کراچی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر ہتھیاروں کے دو بین الصوبائی سمگلروں کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ۔پکڑا گیا خطرناک اسلحہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ،گینگ واراور دہشتگردی کی دیگر وارداتوں کیلئے سمگل کیا جارہا تھا ۔انڈس ہائی وے پر سور گل چوک میں چیکنگ کے دوران موٹر کارسے برآمد ہونیوالے اسلحہ میں قیمتی و خود کاررائفلز اور پستول شامل ہیں۔ایس ایچ اوتھانہ جرما سب انسپکٹر محمد افضل اعوان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کوہاٹ پولیس کے ضلعی سربراہ محمد صہیب اشرف کوخفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کسی بھی وقت پشاور سے ہتھیاروں کی بھاری کھیپ سندھ کے صوبائی دارلحکومت کراچی سمگل کی جائے گی ۔اس اطلاع پر کوہاٹ شہر کو کیپیٹل سٹی پشاور سے ملانے والی اہم شاہراہوں کے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کرکے پولیس کو الرٹ کردیا گیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ انہوں نے بھی پولیس ٹیم کے ہمراہ جمعرات کی صبح کوہاٹ انڈس ہائی وے پر سور گل چوک میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کر رکھی تھی کہ اس دوران پشاور سے کراچی جانے والی ایک مشکوک موٹر کار نمبر سندھ AHS.905کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا جسکے خفیہ خانوں سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ برآمد کر لیا گیا جسمیں غیر ملکی ساختہ نمونے کے 2ایم فوررائفلز،2 ایس ایم جی گن،28عدد نائن ایم ایم پستول اور 60میگزین شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موٹر کار سے ہتھیاروں کے دوبین الصوبائی سمگلروں ملنگ جان ولد رسول شاہ سکنہ ٹیکنیکل کالج پشاور اور فضل مولا ولد فضل سبحان ساکن تخت بھائی مردان کو حراست میں لیکر اسلحہ بھری گاڑی سمیت تھانہ جرما منتقل کر دیا جہاں انکے خلاف غیر قانونی اسلحہ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کر لیا گیاہے ۔ایس ایچ او کے مطابق پکڑا گیامقامی ساخت کا اسلحہ پشاور سے کراچی سمگل کیا جارہا تھا جسکے ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے کے واضح امکانات تھے کیونکہ کراچی آپریشن کے دوران پکڑے گئے ٹارگٹ کلرز اور دہشتگردوں سے کئی مرتبہ اسی نمونے کے ہتھیاربرآمد ہوچکے ہیں جبکہ زیر حراست اسلحہ سمگلروں نے بھی اس بات کاا نکشاف کیا ہے کہ قبائلی علاقوں اور ملک کے مختلف شہروں میں موجود اسلحہ سمگلر زگروہ ہتھیاروں کی غیر قانونی نقل و حمل کیلئے بڑے پیمانے پر افرادی قوت اور مختلف ذرائع استعمال کرتے ہیں۔ابتدائی پوچھ گچھ میں گرفتار ملزمان نے پکڑا گیا اسلحہ پشاور سے کراچی سمگل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔