زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس میں 92کروڑ کی کرپشن، خواجہ علقمہ اور ساتھی گرفتار

زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس میں 92کروڑ کی کرپشن، خواجہ علقمہ اور ساتھی گرفتار

  

ملتان(نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی) بہا ء الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کیس میں نیب نے سابق وائس چانسلر بی زیڈ یو پروفیسر ڈاکٹر خواجہ علقمہ کو جامعہ زکریا میں ان کی رہائش گاہ جبکہ لاہور کیمپس کے ڈائریکٹر حمزہ منیر بھٹی کو لاہور سے گرفتار کر لیا۔رجسٹرار جامعہ زکریا ملک منیر حسین گرفتاری کے خوف سے بدھ کی شب فرار ہو گئے۔تفصیل کے مطابق بہا ء الدین زکریا یونیورسٹی کی انتظامیہ نے جامعہ زکریا کا لاہور میں سب کیمپس بنایا مگر اس کے لیے نہ تو پنجاب حکومت سے این او سی لیا گیا اور نہ ہی اس کی سنڈیکیٹ کمیٹی سے منظوری لی گئی۔سنڈیکیٹ کمیٹی کی منظوری کے بغیر رجسٹرار ملک منیر حسین نے لاہور کیمپس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔لاہور کیمپس کے کنٹریکٹر منیر بھٹی کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار نہیں تھا مگر منیر بھٹی نے اختیارات سے تجارز کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو سرٹیفکیٹ جاری کیے۔جامعہ زکریا کی سنڈیکیٹ کمیٹی کے ممبر و ڈائریکٹر الفلا ح انسٹی ٹیوٹ جامعہ زکریا پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے سنڈیکیٹ کمیٹی میں لاہور کیمپس کو بے نقاب کیا انھوں نے سنڈیکیٹ کمیٹی کو بتایا کہ لاہور کیمپس کی اوپن نیلامی نہیں کرائی گئی اور من پسند شخص کو لاہور کیمپس کا کنٹریکٹ دے دیا گیا جامعہ زکریا سے زیادہ فیسیں وصول کی جا رہی ہیں کنٹریکٹر جامعہ زکریا کو صرف 10فیصد شیئر دے رہا ہے جبکہ 30فیصد شیئر میں دینے کے لیے تیار ہوں۔لاہور کیمپس میں وہ پروگرام شروع کیے گئے ہیں جو سنڈیکیٹ کمیٹی سے منظور ہی نہیں ہیں۔کنٹریکٹر کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا معاہدہ تک نہیں کیا گیا۔جو میرٹ جامعہ زکریا میں ہوتا ہے وہی میرٹ لاہور کیمپس میں ہونا چاہیے تھا مگر لاہور میں طلباء سے بھاری فیسیں وصول کر کے کم نمبروں والے طلباء کو داخلے دیئے گئے معلوم ہوا ہے کہ لاہور کیمپس میں 92کروڑ 50لاکھ روپے کی کرپشن ہوئی ہے لاہور کیمپس کے خلاف لاہور کے ایک شخص محمد لطیف نے نیب کو درخواست دی نیب نے انویسٹی گیشن کے بعد کروڑوں روپے کی کرپشن ثابت ہونے پر سابق وائس چانسلر جامعہ زکریا پروفیسر ڈاکٹر خواجہ علقمہ کو جامعہ زکریا میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ لاہور کیمپس کے ڈائریکٹر حمزہ منیر کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا کنٹریکٹر منیر بھٹی نے قبل از گرفتاری ضمانت کر لی رجسٹرار ملک منیر حسین گرفتاری کے خوف سے فرار ہو گیا۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -