حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرے،پیپلزپارٹی

حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرے،پیپلزپارٹی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرزعاجز دھامراہ،روزی خان کاکڑاور روبینہ خالدنے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اجتناب کرے کیونکہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور غربت کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں جبکہ موجودہ حکومت کی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت مڈل کلاس طبقہ کا جینا دوبھر ہوچکا ہے اور عوام موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے شدید عذاب میں گرفتار ہیں۔پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے سابقہ دور حکومت میں تین ایسے کام کئے جن کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی یعنی مفاہمت کی پالیسی، جمہوریت کا تسلسل اور عوام دوست پالیسیاں، لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکومت کے پاس عوام کی فلاح و بہبود ، غربت اور مہنگائی سے عوام کی جان چھڑانے کاکوئی منصوبہ ہی موجودہ حکومت کے پاس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بے پناہ کمی کے باوجود موجودہ حکومت نے غریب عوام سے تیل کی مصنوعات میں 50 فیصد تک جنرل سیلز ٹیکس وصول کیا اور کررہی ہے۔ عوام کے دیئے ہوئے مینڈیٹ کی اس سے زیادہ اور کیا توہین ہوسکتی ہے کہ جس عوام نے اچھے دنوں کیلئے ن لیگ کو اقتدار تک پہنچایا اس نے ان کا جینا حرام کررکھا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے بجائے کمی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -