رہنماؤں میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں،علی زیدی

رہنماؤں میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں،علی زیدی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے آرگنائزر علی زیدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کراچی کے عہدیداران و رہنماؤں کے درمیان اختلافات نہیں ایسی افواہیں اور خبریں ایک سازش کے تحت اڑائی جارہی ہیں ۔اور جو پارٹی رہنما نظر نہیں آرہے ہیں وہ یا تو بیرون ملک گئے ہوئے ہیں یا وہ مصروف ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عمران اسماعیل، خرم شیر زمان، دواخان، ارم بٹ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علی زیدی نے کہا کہ تحریک انصاف بھر پور طریقے سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی اس حوالے سے زور شور کے ساتھ تیاریاں جاری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی انتخابات کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر منصوبہ بندی کی ہے۔جماعت اسلامی اور جمعیت علماء پاکستان ہماری اتحادی جماعتیں ہیں آئندہ ایک دوروز میں ہم اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔اور اس میں کراچی پیکیج کا اعلان کریں گے ہم اس پریس کانفرنس میں بتائیں گے کہ ہماری کراچی کے حوالے سے کیامنصوبہ بندی ہے۔ایک سوال کے جواب میں علی زیدی نے کہا کہ اس مرتبہ بلدیاتی انتخابات کی انتخابی مہم 2013سے بڑی انتخابی مہم ہوگی۔ اس میں پارٹی کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر مرکزی رہنما کراچی آکر انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے انھیں جو دھمکیاں دی تھیں اس پر انھوں نے ایف آئی کٹوانے کی کوشش کی تھی لیکن درج نہیں کی جارہی تھی جس پر انھوں نے عدالت سے رابطہ کیا اور اب عدالت کے احکامات پر وہ کل جمعہ کی شام درخشاں تھانے میں دانیال عزیز کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -