زلزلہ متاثرین کیلئے کے کے ایف کی امدادی سرگرمیاں جاری

زلزلہ متاثرین کیلئے کے کے ایف کی امدادی سرگرمیاں جاری

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک میں آنے والے زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی کیمپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ امدادی کیمپوں کے تیسرے روز بھی کراچی کے 40امدادی کیمپوں سمیت اندرون سندھ ، صوبہ پنجاب ، بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں قائم کئے گئے امدادی کیمپوں پر مخیر حضرات اور عوام نے بڑی میں امدادی سامان اور غذائی اجناس جمع کرائیں جن میں آٹا ، چاول ، دالیں ، تیل ، گھی ، نمک ، کمبل ، لحاف ، خشک دودھ ، وہیل چیئرز ، مصالحہ جات اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء وافر مقدار میں شامل ہیں ۔ اس سلسلے کا مرکزی امدادی کیمپ کراچی میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں بھی قائم ہے جہاں زلزلہ متاثرین کیلئے جمع ہونے والے امدادی سامان اور غذائی اجناس کی پیکنگ کا کام جاری ہے ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان اور ڈپٹی کنوینر کہف الوریٰ نے کے کے ایف کے صدر دفتر میں قائم کئے گئے مرکزی امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور یہاں خدمات انجام دینے والے کارکنان و ذمہ داران کو قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عامر خان اور کہف الوریٰ نے کہاکہ ایم کیوایم کی سیاسی اور فلاحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کئے جانے کے باوجود کارکنان و ذمہ داران زلزلہ متاثرین ہم وطن کیلئے جس طرح سے آگے بڑھے ہیں اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر ان کیلئے امدادی کیمپوں پر بیٹھ کر عوام سے عطیات وصول کررہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایم کیوایم کے خلاف حالات چاہے کتنے ہی بدتر کیوں نہ کردیئے جائیں ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے دلوں سے دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو ہرگز نہیں نکالا جاسکتا اور ایم کیوایم کا ایک ایک کارکن دکھی انسانیت کی خدمت اپنا فرض سمجھ کر انجام دیتا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین نے اکتوبر 2005ء میں آنے والے ہولناک زلزلہ میں بھی ایم کیوایم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کو فعال رکھا اور اس زلزلے میں ایم کیوایم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے کام کا حکومتی سطح پر اعتراف بھی کیا گیا۔عامر خان اور کہف الوریٰ نے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن اور ایم کیوایم زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور اپنی بساط کے مطابق ان کی زیادہ سے زیادہ امداد کرے گی اور ثابت کرے گی کہ ایم کیوایم اور اس کے کارکنان حالات کے ظلم وجبر کا شکار ہونے کے باوجود زلزلہ متاثرین ہم وطنوں کی امداد کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی ۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -