حکومت توانائی بحران کے خاتمے میں ناکام ہوچکی،محمد حسین محنتی

حکومت توانائی بحران کے خاتمے میں ناکام ہوچکی،محمد حسین محنتی

  

کرا چی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے سب سے بڑے اور اہم مسئلے توانائی کے بحران کے خاتمے میں ناکام ہوچکی ہے،موسم سرما کی آمد کے باجود بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبار ومعیشت تباہ، بے روزگاری میں اضافہ، تاجر برادری سخت پریشان اور مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے صوبائی دفتر میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ملک میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بلند بانگ دعوے کئے تھے مگر ڈھائی سال گذرجانے کے باوجود ابتک حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، نندی پور پروجیکٹ اور اس کی کرپشن کہانی پوری قوم کے سامنے ہے۔ بجلی کے دیگر منصوبوں کی کہانی بھی کم وبیش ایک جیسی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت ملک میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے تاکہ ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی کا سیلاب ختم ہوسکے۔ نیز نندی پور پاورپروجیکٹ کی سست روی اور اس میں ہونے والی کرپشن میں ملوث ذمہ داروں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -