کراچی، بم بنانے والے 2 دہشت گرد گرفتار، 2 افراد کی لاشیں بر آمد
کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس مقابلے کے بعد دو دہشتگردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے تخریب کاری کا سامان برآمد کر لیا گیا۔پولیس نے منگھو پیر میں سرچ آپریشن کیا تو دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کے مطابق مقابلے کے بعد دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشتگرد بم بنانے کی تیاری میں مصروف تھے، دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر ،بال بیرنگ سمیت تخریب کاری کا دیگر سامان برآمد ہوا۔ پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے لگتا ہے۔دوسری طرف سہراب گوٹھ کے علاقے افغان بستی کے قریب دو افراد کی لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔ تاہم مقتولین کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 30 سے 35 سال ہیں، لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جا رہی ہیں۔پولیس نے گلستان جوہر بلاک 17 میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔