بندھن ٹو ٹ گیا،،عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دے دی

بندھن ٹو ٹ گیا،،عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دے دی
بندھن ٹو ٹ گیا،،عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دے دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان کے درمیان شادی کے 9 ماہ بعد طلاق ہو گئی ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق  نے دونوں میں علیحدگی کی تصدیق کی ،،میڈیا پر خبریں آنے کے بعد خود عمران خان اور ریحام خان نے بھی اپنے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹس کے ذریعے طلاق کی تصدیق کر دی اور بتایا کہ دونوں نے باہمی رضامندی کے بعد طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئٹر  پیغام میں کہا کہ یہ میرے ، ریحام اور ہم دونوں کے خاندانوں کیلئے انتہائی تکلیف دہ لمحات ہیں۔ میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ ہماری نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ میں ریحام کے اخلاقی کردار اور ان کے امدادی کاموں کا بے حد احترام کرتا ہوں۔ پیسوں کے لین دین کی تمام خبریں جھوٹی اور شرمناک ہیں۔
ریحام خان نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر جاری پیغام میں علیحدگی کی تصدیق کی اور کہا کہ ”ہم نے طلاق کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہم نے راستے الگ اور طلاق کیلئے کیس فائل کیا۔ جن لوگوں کی خواہش تھی کہ ہم دونوں ساتھ نہ رہیں ان کی خواہش پوری ہو گئی ہے۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ ان کی نندیں عمران خان کی شادی سے خوش نہیں تھیں۔ان کی بہنوں کو لگتا تھا کہ ریحام ،عمران خان اور ان کی بہنوں کے درمیان فاصلے کا سبب بن گئی ہیں۔جیو نیوز کے مطابق ریحام خان اپنی طلاق پر  افسردہ تھیں ۔
ذرائع کے مطابق ریحام خان کی جانب سے سیاست میں حد سے زیادہ دخل اندازی کے باعث تلخیاں پیدا ہوئیں جبکہ اس کے بعد بھی کئی واقعات ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی ریحام خان کو ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے استعمال سے منع کئے جانے کی خبریں بھی منظرعام پر آئی تھیں جبکہ این اے 122 کے انتخابات سے قبل ایک جلسے میں ریحام خان کو سٹیج کے بجائے پنڈال میں جگہ دی گئی اور اس پر بھی کئی سوالات اٹھائے گئے تھے اور کہا گیا تھا کہ دونوں میں علیحدگی ہو چکی ہے یا پھر علیحدگی کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ 
عمران خان اور ریحام خان کی طلاق کی خبریں منظرعام پر آنے کے بعد کچھ ایسی خبریں بھی سامنے  آئیں جن کے مطابق دونوں کے درمیان 18 کروڑ روپے کے عوض طلاق کا معاملہ طے پایا ہے اور شادی کے وقت ریحام خان کو دیئے گئے زیورات اور تحفے تحائف کی مالیت بھی اس میں شامل ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک فلیٹ دینے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی ہے تاہم تحریک انصاف کے چیئرمین نے ایسی تمام خبروں کی تردید کی جبکہ پارٹی رہنماءجہانگیر ترین نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اس معاملے میں بلاوجہ گھسیٹا جا رہا ہے،، انہوں کوئی اپارٹمنٹ ریحام خان کو نہیں دیا۔ دوسری جانب عمران خان اور ریحام خان کا نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے کہا کہ دونوں کے نکاح کے وقت ایک لاکھ روپے حق مہر طے ہوا جو موقع پر ہی ادا کر دیا گیا تھا تاہم اس سے زیادہ انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان سے وعدہ کر چکے ہیں اور وعدہ امانت ہوتا ہے۔
 تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان رواں سال 8 جنوری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

مزید :

قومی -Headlines -