آئی سی اے سی کا 75 واں اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا

آئی سی اے سی کا 75 واں اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد( آن لائن ) عالمی سطح پر کپاس کی فصل کے جائزہ اور پیداوار بڑھانے اور کپاس کے شعبے کے مسائل کے تدارک کے لیے انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی (ا آئی سی اے سی) کا 75 واں اجلاس آج 30 اکتوبر سے 4 نومبر تک اسلام آباد میں ہو گا۔ آئی سی اے سی کے اجلاس میں 30 ممالک کے 130 بین الاقوامی وفود شرکت کریں گے۔ سیکریٹری وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری حسن اقبال نے کہا کہ آئی سی اے سی کا قیام 1939 میں عمل میں لایا گیا تھا جس کے کپاس پیدا کرنے والے اور اس کی تجارت سے وابستہ ممالک رکن ہیں، پاکستان 1948 میں اس کا رکن بنا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی اے سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے بین الاقوامی وفود کو پاکستان میں قیام کے دوران بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ان کی سہولت کیلیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے۔حسن اقبال نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر کپاس کی پیداوار اور فصل کا جائزہ لینا، کپاس کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کیلیے تجاویز اور آررا پر مبنی حل تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن ایڈوائزری کمیٹی کا پاکستان میں اجلاس خوش آئند ہے جس سے اس شعبے سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے گا جہاں پر وہ اپنے مسائل اور ان کے حل کیلیے جامع حکمت عملی وضع کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں کپاس کے شعبے سے وابستہ افراد دنیا کے بہترین تجربات سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔

مزید : کامرس