سکول و کالجز کے قریب سگریٹ فروخت کرنے پر38دکانیں سیل، 14گرفتار
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور شہر بھر میں تمباکو نوشی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی دکاندار کو سکولز و کا لجز سے 50میٹر تک کے فاصلے پر اور 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت کر نے کی اجازت نہیں ہے ۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان کی ہدایت پر تمام ٹا ؤنزانتظامیہ نے شہر میں تمباکو نوشی ایکٹ کے تحت بھر پور کارروائی کی۔ٹا ؤنز انتظامیہ نے کارروائی کر تے ہوئے سکول و کالجز سے 50میٹر تک کے فاصلہ پر واقع سگریٹ فروخت کر نے والی38دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ 14دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروا کر ان کو گرفتار کروا دیا گیا۔تفصیل کے مطا بق شا لیمار ٹا ؤن انتظامیہ نے اپنے متعلقہ علاقوں میں کارروائی کر تے ہوئے 8،واہگہ ٹا ؤن انتظامیہ نے03،گلبرگ ٹا ؤن انتظامیہ نے5،داتا گنج بخش ٹاؤن انتظامیہ نے 2،نشتر ٹاؤن انتظامیہ نے6،راوی ٹاؤن انتظامیہ نے10 اور علا مہ ٹاؤن انتظامیہ نے 04دکانوں کو سیل کیا جبکہ دکانداروں کو تمباکو نو شی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 55ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔اسی طرح 18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت کر نیوا لے دکانداروں کے خلاف کارروائی کر تے ہوئے18 دکانوں کو سیل کر دیاگیا جبکہ2دکانداروں کو گرفتار بھی کروا دیا گیا۔اسی طرح ٹا ؤنز انتظامیہ نے شہر میں پبلک مقامات کے دورے کیے اور وہاں پر سگریٹ نو شی کر نے والے 64افراد کو وارننگ دی۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد تک کریک ڈاؤن جا ری رہے گا۔ڈی سی او لاہور نے شہریو ں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد واقع سگریٹ فروخت کر نے والی دکانوں پر نظر رکھیں اور جہاں کہیں بھی 18سال سے کم عمر بچوں کوسگریٹ فروخت کیے جا رہے ہوں تو اُس کی فوری طور پر اطلاع متعلقہ ٹا ؤن انتظامیہ کو دیں تا کہ بروقت کارروائی عمل میں لا ئی جا سکے۔