ناپسندیدہ قرار دئیے گئے بھارتی سفارتکار اہل خانہ سمیتدہلی روانہ

ناپسندیدہ قرار دئیے گئے بھارتی سفارتکار اہل خانہ سمیتدہلی روانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے این این ) دفتر خارجہ کی طرف سے ناپسندیدہ قرار دئیے گئے بھارتی سفارتکار سرجیت سنگھ اہل خانہ سمیت نئی دہلی روانہ ہو گئے ہیں ،انھیں 48گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ہفتہ کو سرجیت سنگھ اور ان کی بیوی بچے اسلام آباد ایئر پورٹ سے نئی دہلی کیلئے روانہ ہوئے ۔سرجیت سنگھ کو 27 اکتوبر کو اس وقت ناپسندیدہ شخص قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا جب بھارت نے ایک پاکستان سفارتکار محمود اختر کو نئی دہلی چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو دفتر خارجہ طلب کر کے، بھارتی سفارت کار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخص قرار دیئے جانے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔سیکریٹری خارجہ نے بھارتی سفارتی اہلکار کی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرجیت سنگھ کی سرگرمیاں ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہیں۔بھارتی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ وہ سرجیت سنگھ اور ان کے خاندان کے 29 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کے حوالے سے فوری طور پر ضروری انتظامات کریں۔

مزید :

علاقائی -