ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال انسانی تہذیب کونیست و نابود کردے گا، روسی صدر
ماسکو (اے پی پی) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے نظام پر عملدرآمد کو ضروری قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال انسانی تہذیب کونیست و نابود کردے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کریملن ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں صدرپیوٹن کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایٹمی طاقت کا مظاہرہ ناقابل قبول ہے اور آخری آپشن کے طور پر ممکن ہے کہ اس سے کام لیا جائے۔ صدر پوٹن کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایٹمی طاقت کامظاہرہ تباہ کن ہے اور وہ اسے قبول نہیں کرتے تاہم اس حقیقت کو سامنے رکھنا چاہیے کہ ایٹمی ہتھیار جنگ کو روکنے اور عالمی امن وسلامتی کا باعث ہیں۔انہوں نے خبر دار کیا کہ ایٹمی ہتھیاروں کو مکمنہ جنگوں میں استعمال کی غرض سے نہ دیکھا جائے کیونکہ اس کے استعمال سے انسانی تہذیب کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے ایٹمی طاقتوں کے ذمہ دارانہ رویئے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ہر قسم کے اختلافات اور کشیدگی سے قطع نظر اس اصول پر سختی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بین برالاعظمی میزائیلوں میں کمی کے معاہدے سے امریکہ کے نکل جانے کے بعد روس نے اپنے اسٹریٹیجک ہتھیاروں کو تقویت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔