روس میں دو طالبات جانوروں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار
ماسکو(این این آئی) روس میں دو طالبات کو جانوروں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 21سالہ الینا اورلووا اور 19سالہ الینا سواکینکو نے بتایا کہ انہیں جانوروں سے شدید نفرت ہے ،گزشتہ دنوں انہوں نے شیلٹر سے ایک حاملہ بلی گود لی اور اسے ایک غیرآباد مکان میں لیجا کر دو ٹکڑے کردیئے۔ انہوں نے اس کے پیٹ میں موجود بچے بھی نکال کر مار ڈالے۔ دونوں اب تک کئی جانور گود لے کر قتل کر چکی ہیں۔روسی شہر خاباروسکی کی پیسیفک نیشنل یونیورسٹی کی یہ دونوں طالبات جانوروں کو بے دردی سے قتل کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر بناتیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کر دیتی تھیں۔ پولیس نے یہ تصاویر دیکھ کر انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لڑکیوں نے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ تصاویراور ویڈیوز فرضی بنائی گئی ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کئی جانوروں کو قتل کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ ایک کتے کو لٹکا کر گولی مار کر ہلاک کر دیتی ہیں۔