وزیراعلیٰ سندھ سے صوبائی وزیر منظور وسان کی ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ سے صوبائی وزیر منظور وسان کی ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے صوبائی وزیرصنعت و تجارت منظور وسان نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں شادی ہالوں کو یکم نومبر سے رات 10بجے بند کرنے اور ون ڈش کے معاملات پر بات کی گئی ۔صوبائی وزیر منظور وسان نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کا شادی ہالوں کی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کی مشاورت سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عوام کی شادی ہالوں میں بکنگ جنوری کے آخر تک ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بکنگ میں ڈشس کی تعداد اور ہالوں کو پیشگی ادائیگی بھی ہو چکی ہے، اس فیصلے کے اطلاق میں توسیع کی جائے کیونکہ میری مشاورت ابھی تک جاری ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے لوگوں کی بکنگ کے پیش نظر شادی ہال کی وقت اور ون ڈش کے فیصلے پر عملدرآمد کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب شادی ہالوں اور ون ڈش پر فیصلے کا اطلاق یکم فروری 2017سے ہو گا ،سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میرا مقصد سندھ کے عوام کی بھلائی اور بہتری کرنا ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول