کراچی ،ماڈریٹس کی ڈاکٹر عاصم کی رہائی کی اپیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیّد جاوید اقبال، چیئرمین، سوسائٹی فار گلوبل ماڈریشن (ایس جی ایم)، نے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹر عاصم حُسین کے خلاف تاحال کسی عدالتی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا ہے اس لئے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ ترین روایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ان کو ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنے اور اپنی اہلیہ کا مناسب علاج کرا سکیں۔ڈاکٹر عاصم حُسین فنڈزاور پلاٹس کے غبن میں ملوث ہونے کے الزامات میں زیرِ التوا عدالتی مقدمات میں 2014 ء سے حراست میں ہیں، لیکن تاحال ان پر فردِ جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو مناسب علاج کے لئے حسبِ ضرورت مُلک سے باہر جانے کی اجازت بھی دی جانی چاہئے کیونکہ ابھی تک وہ ’ملزم ‘ ہیں اور انھیں ’مجرم‘ قرار نہیں دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم دورانِ حراست ہائی بلڈ پریشر کا شکار تھے اور اب اس کے ساتھ ساتھ شدید ذہنی دباؤ کے باعث ان پر فالج کا حملہ ہوگیا ہے۔