برطرف وزیر کیخلاف کارروائی دھوکہ ،’’ڈرافٹ مین‘‘ بحال کردیگا،طاہرالقادری
لاہور(خبر نگا رخصوصی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت کی طرف سے قومی سلامتی کے خلاف خبر یں شائع کروانے کے معاملے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پرویز رشید کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہو گا ،کارروائی دکھاوا اور دھوکہ ہے ۔خبر ڈرافٹ کروانے والا چند ماہ بعد پرویز رشید کو آب زم زم سے پاک صاف کر کے دوبارہ وزارت پر بحال کر د ے گا ۔رانا ثناء اللہ کو بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں وزارت سے ہٹانے کا ڈرامہ کیا گیا تھا اور پھر بحال کر دیا گیا ۔ مشاہد اللہ کوبھی فوج کے خلاف ایک انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کو انتہائی توہین آمیز الزام تراشی پر مبنی سازشی انٹرویو دینے کے بعد فوج کی طر ف سے دباؤ آنے پروزارت سے ہٹایا گیا تھا جو آج میاں نواز شریف کے ترجمان ہیں۔سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ جہاں سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی دھوکہ دہی ہو وہاں ملکی سلامتی کا اللہ حافظ ہے۔ حالت یہ ہو گئی ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی گھناؤنے کھیل کھیلے جا رہے ہیں اور اس پر کوئی نشان عبرت نہیں بنتا ۔سوال یہ ہے کہ مسلسل سلامتی پر حملے کرنے والا ماسٹر مائنڈ کو کٹہر ے میں کھڑا کیوں نہیں کیا جاتا۔