، وفاقی حکومت ملک کو بحران کی طرف دھکیل رہی ہے،مولا بخش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیربرائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ن لیگ حکومت اپنی غلطیوں سے ملک کو سخت بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بھلا کوئی جمہوری حکومت عوام کو روکنے کے لیے راستوں پر مٹی کی بڑے بند باندھ سکتی ہے؟۔میں ہمیشہ سے کہہ رہا ہوں کہ میاں صاحب نے وزیروں کی صورت میں اپنے دشمن پال رکھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک آدھ کو چھوڑ کر باقی سب میاں صاحب کی حکومت کا وقت سے پہلے خاتمہ چاہتے ہیں۔اگر حکومت اب بھی بحران کا حل چاہتی ہے تو بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات فی الفور مانے اورسب سے پہلے ملک میں وزیر خارجہ مقرر کرے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے پانامہ لیکس معاملے پر بل کو فوری طور پر منظور کروایا جائے ۔آصف علی زرداری کی طرف سی پیک اے پی سی کی قرارداد پر عمل کیا جائے اورنیشنل سیکیورٹی کمیٹی بنائی جائے ۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ حکومت چاروں مطالبات مانے تو ملک اس وقت بھی اس بدترین بحران سے نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے اب بھی ہوش کے ناخن نہیں لیے تو ملک مزید بحران کی دلدل میں پھنس سکتا ہے اورن لیگ کی نادانی کی وجہ سے فروغ پاتی ہوئی جمہوریت کوایک بار پھرتاریخی نقصان ہوسکتا ہے۔