بھارتی دہشتگردی کی روک تھام کیلئے منہ توڑ جواب دینا ہو گا: حافظ سعید
ملتان (سٹی رپورٹر)جماعۃالدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیوں سے آزادی کے چراغ روشن ہو رہے ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر مزید تیز ہو گی اور بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کو جلد یہاں سے نکلنا پڑے گا۔بی جے پی سرکار کی بلوچستان میں تخریب کاری کی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ بھارتی دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اسے منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کر کے کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ وہ مرکز عثمان بن عفان لاڑ میں جماعت الدعوۃ جنوبی پنجاب کے کارکنان و ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرسیف اللہ خالد ، میاں سہیل احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغانستا ن میں قائم بھارتی قونصل خانے دہشت گردی کے اڈے بن چکے ہیں جہاں سے دہشت گردوں کو تربیت دیکر بلوچستان، خیبر پی کے او رملک کے دیگر حصوں میں داخل کیا جارہا ہے۔ کلبھوشن جیسے ایجنٹوں کی گرفتاری سے ساری صورتحال واضح ہو چکی ہے۔ نریندر مودی اور اس کے وزراء بلوچستان میں مداخلت کا اعتراف کر چکے۔حالیہ حملہ کی تحقیقات کے دوران بھی بھارتی ایجنسیوں کو ملوث قرار دیا جارہا ہے۔ حکومت پاکستان انڈیا کی دہشت گردی کو دنیا پر بے نقاب کرنے میں کسی قسم کی مصلحت پسندی سے کام نہ لے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان دشمنی کی انتہا ہو چکی ہے۔ بیرونی قوتیں مل کر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ پاکستان کو تنہا کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ ان سازشوں میں انڈیا اکیلا نہیں ہے بلکہ پوری دنیائے کفر اس کے ساتھ ہے۔وہ اس ملک کا وجود برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ امریکہ بھارت کو شہ دے کر پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ وہ جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کر کے پاکستان کو دہشت گرد قرار دلوانا چاہتے ہیں لیکن کشمیری مسلمان جس طرح پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور پاکستانی جھنڈوں میں لپیٹ کر انہیں دفن کیا جارہا ہے‘ اس عمل نے بیرونی قوتوں کی سب سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوموں کے جذبات ساری دنیا کے سامنے ہیں۔وہ جس طرح جرأتمندانہ انداز میں میدان میں کھڑے ہیں یہ ہمارے لئے بہت بڑا سرمایہ ہے۔ غاصب بھارت نے کشمیر سے اپنی آٹھ لاکھ فوج نہ نکالی تو یہ سلسلہ صرف کشمیر تک محدود نہیں رہے گابھارت کے مظلوم مسلمان اور دیگر اقلیتیں بھی اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑی ہوں گی۔
حافظ سعید