کے پی سے پنجاب آنے والے متعدد راستے بلاک، قوم کو مبارک ہو ایک درباری فارغ، باقیوں کی ٹانگیں کا نپ رہی ہیں، عمران خان

کے پی سے پنجاب آنے والے متعدد راستے بلاک، قوم کو مبارک ہو ایک درباری فارغ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے این این)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا ایک درباری فارغ ہو گیا اور دوسرا باہر چلا گیا ۔پرویز رشید کی وزارت کا قلمدان واپس لینے اور خواجہ آصف کے دبئی جانے پر ٹوئٹر پر رد عمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو مبارک ہو ،نواز شریف کا دربار ختم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک درباری فارغ ہو گیا ،دوسرا درباری دبئی چلا گیا جبکہ باقی درباریوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں ۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پارٹی ورکرز کو گرفتاریوں سے بچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل جو کچھ ہوا وہ ایک پریکٹس تھی،اصل میچ دو نومبر کو ہو گا،ہم بتائیں گے جمہوریت اور عوام کیا ہوتی ہے،عدالتی حکم کے باوجود گرفتاریاں ہو رہی ہیں ، اوپر سے نیچے آنیوالی سونامی کو کوئی نہیں روک سکے گا۔بنی گالہ میں کھلے آسمان تلے رات گزارنے والے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اوپر سے نیچے آنیوالی سونامی کو کوئی نہیں روک سکے گا۔پی ٹی آئی سربراہ نے مزید کہا کہ گرفتاری نہیں دینی،کل جو ہوا وہ نیٹ پریکٹس تھی ،اصل میچ دھرنے میں ہوگا ۔بعد ازاں عمران خان نے بنی گالہ کے باہر تعینات ایف سی اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ عمران خان کا سکیورٹی پر مامور اہلکاروں سے کہنا تھا کہ آپ لوگ کسی فرد یا گروہ کے نہیں ریاست کے ماتحت ہیں اپنے فرائض قانون کے مطابق انجام دیں ، اللہ نے آپ کو عوام کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم نے آپ کے ہاتھ میں قانون اور بندوق ایک ایک فرد کی حفاظت کیلئے دی ہے، غریب قوم اپنا پیٹ کاٹ کے آپ کو تنخواہیں دیتی ہے لہٰذا قوم کے احسانات کا بدلہ بھلائی سے دیں۔بنی گالہ میں رکنے والے تحریک انصاف کے کارکنان نے رات کھلے آسمان تلے گزاری،لاک ڈاؤن ریلی بھی نہ ہو سکی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز خیبر پختون خوا اور دیگر علاقوں سے آنے والے 100سے زائد کارکنان کو رات بنی گالہ میں کھلے آسمان کے نیچے گزارنی پڑی تاہم تحریک انصاف کی طرف سے ان کارکنان کیلئے خیموں،بستر اور کمبل کا انتظام کیا گیا تھا۔پشاور ٹول پلازہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر رشکئی انٹر چینج کے مقام پر موٹروے ٹریفک کیلئے بند کی گئی تھی جسے تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہٰی نے بزور کھلوا دیا جس کے بعد ٹریفک کی روانی تو شروع ہو گئی لیکن خیر آباد کے مقام پر اٹک پل پر بھاری کنٹینرز رکھ کر راستہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ کنٹینرز کے سامنے اور درمیان کے خالی حصے میں ریت اور بجری کے ڈھیر بھی لگا دیئے گئے ہیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اپنی کابینہ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ دن بھر صوابی انٹر چینج کے قریب ڈیرہ ڈالے رکھا۔ انہوں نے مانکی شریف نوشہرہ میں ہونے والا جلسہ بھی صوابی انٹرچینج کے قریب منتقل کرنے کا اعلان کر کے کارکنوں کو تین بجے وہاں پہنچنے کی ہدایت کی۔ کنٹینرز کے دوسری جانب پنجاب پولیس اور ایف سی کے جوان بھی کھلاڑیوں سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار رہے ۔