تما م صوبوں کو جائز حصہ دینے کیلئے فوری طور پر مردم شماری کی جائے،سکند ر حیات
چارسدہ (بیورورپورٹ) قومی وطن پارٹی صوبہ خیبر پختون خوا کے چیئر مین اور سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ ملک کے وسائل میں تما م صوبوں کو جائز حصہ دینے کیلئے فوری طور پر مردم شماری کی جائے۔ملکی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے پختونوں کی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے،ملک میں صرف ایک صوبے کی بالاد ستی کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔وہ گزشتہ روز چارسدہ کے علاقہ ترنگزئی میں اے این پی کے ناظم ویلج کونسل کی پانچ سو ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے دیرینہ کارکن اور ناظم ویلج کونسل میاں رحیم اللہ اپنے پانچ سو سے زیادہ ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شامل ہو گئے۔ شمولیتی جلسے سے خطاب کے دوران سنیئر صوبائی وزیر سکند ر شیر پاؤ ں کا کہنا تھا کہ پختون قوم کو ایک سازش کے تحت تقسیم کیا گیا ہے ، ملک چالیس سال جاری دہشت گردی نے پختونوں کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے ، پختون قوم کوتعلیم و صحت اور روز گار کے سہولیات میسر نہیں جبکہ دوسری جانب لاہور میں ایک ٹرین پر 50ارب روپے خرچ کیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پختون پسماندہ او ر ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فاٹا میں ایف سی آر کا قانون ختم کرکے فاٹا کے عوام کے مستقبل کا فیصلہ ان کے مرضی کے مطابق کیا جائے۔اس موقع پراپنے خطاب میں صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں صرف ایک صوبے کی بالادستی ہے جو پختون قوم کو کسی صورت قبول نہیں ، 18سال گزرنے کے باوجود ایک حاص منصوبے کے تحت ملک میں مردشماری کا انعقاد نہیں کیا جا ر ہا جس کے باعث ملکی وسائل کی منصفا نہ تقسیم بھی نہیں ہو رہی اس لئے مرکزی حکومت فوری طور پرملک میں مرد شماری کرکے وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے تاکہ دیگر صوبوں کے عوام بھی ترقی کر سکے ،اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق صوبائی حکومتوں نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن کی تمام حدیں پار کر لی تھی اس لئے اب عوام کا دیگر سیاسی جماعتوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور قومی وطن پارٹی اس صوبے کے پختونوں کی حقوق کی واحد نمائندہ جماعت بن گئی ہیں،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چارسدہ میں بہت جلد ٹیکنکل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے یہاں کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دی جائے گی جس سے صوبے میں بے روزگاری کا حاتمہ ہو گا ،اپنے خطاب کے آخر میں سنیئرصوبائی وزیر نے صوبائی حلقہ پی کے 19میں ترقیاتی کاموں کیلئے32کروڑ روپے کا اعلان کیابھی کیا جبکہ شمولیتی جلسے سے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمرزئی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔