میرپور ٹیسٹ: بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 296 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ کو جیت کیلئے 272 رنز درکار

میرپور ٹیسٹ: بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 296 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ کو جیت ...
میرپور ٹیسٹ: بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 296 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ کو جیت کیلئے 272 رنز درکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

میرپور (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 272 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 296 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ امرالقیس نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تفصیلات کے مطابق شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے 152 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 296 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 272 رنز کا ہدف ملا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے امر القیس نے 78، تمیم اقبال نے 40، مومن الحق نے 1، محمود اللہ نے 47، شکیب الحسن نے 41، مشفیق الرحیم نے 9، شبیر رحمان نے 15، شوواگاتا ہوم نے 25، تیج الاسلام نے 5، مہدی حسن مرزا نے 2 اور قمرالاسلام رابی نے 7رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے بہترین باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بین سٹوکس نے 3، ظفر انصاری نے 2 اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے 50 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی سکور میں صرف 14 رنز کے اضافے پر ہی معین علی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 69 کے مجموعی سکور پر بین سٹاکس بھی ہمت ہار گئے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی آﺅٹ ہوئے۔

جو روٹ نے کچھ مزاحمت کی اور 56 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ کرس ووکس نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور 46 رنز بنائے۔ عادل راشد نے بھی توقع کے برعکس بنگالی بلے بازوں کا خوب امتحان لیا اور 44 قیمتی رنز جوڑے۔

ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بنگالی دیشی باﺅلرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہا اور جلد ہی ان کی بساط لپٹ گئی۔ دیگر بلے بازوں میں الیسٹر کک نے 14، بین ڈوکیٹ نے 7، گیری بیلانس نے 9، جونی بیرسٹو نے 24 اور ظفر انصاری نے 13 رنز بنائے جبکہ سٹیفن فن بغیر کوئی سکور بنائے ہی آﺅٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن مرزا نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو ڈھیر کیا اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تیج الاسلام نے 3 اور شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش نے 24 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے محتاط کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑے اور اس موقع پر انگلینڈ کو پہلی کامیابی حاصل ہوئی جب تمیم اقبال 40 رنز بنا کر ظفر انصاری کی گیند پر الیسٹر کک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

نئے آنے والے کھلاڑی مومن الحق مجموعی سکور پر صرف ایک رنز کے اضافے کے بعد ہی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد امر القیس اور محمود اللہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 86 رنز جوڑے اورٹیم کی ڈولتی کشتی کو سہارا دیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم اب تک کی کارکردگی سے خاصی مطمئن نظر آ رہی تھی کہ آخری اوور کی آخری گیند پر محمود اللہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور یوں ’ہیپی اینڈنگ‘ تبدیل ہو کر ’سیڈ اینڈنگ‘ ہو گئی۔

دوسرے روز کے آخری سیشن میں انگلش باﺅلرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور ظفر انصاری نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بین سٹوکس ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

میچ کا پہلا روز قدرے ڈرامائی ثابت ہوا کیونکہ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 1 کے مجموعی سکور پر ہی بنگلہ دیشی اوپنر امرالقیس پویلین لوٹ گئے۔ پہلے نقصان کے بعد تمیم اقبال نے مومن الحق کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 170 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن خاصی مضبوط کر دی۔ تمیم اقبال نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے جبکہ مومن الحق نے 10 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔

معین علی نے تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ کیا کیا کہ پھر وہ کسی بھی بلے باز کو خاطر میں نہ لائے اور بنگلہ دیشی ٹیم کیساتھ وہ کر دیا جس کا کسی نے سوچا بھی نہ تھا، بنگال ٹائیگرز خزاں کے پتوں کی طرح جھڑ گئے اور پوری ٹیم صرف 220 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی۔

بنگلہ دیش کے 7 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے اور ایک اچھے آغاز کو انتہائی ڈراﺅنے اختتام میں تبدیل کر دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے امرالقیس نے 1، محمود اللہ نے 13، شکیب الحسن نے 10، مشفیق الرحیم نے 4، شوواگاتا ہوم نے 6، مہدی حسن مرزا نے 1 اور تیج الاسلام نے 5 رنز بنائے جبکہ شبیر رحمان اور قمرالاسلام بغیر کوئی رنز بنائے آﺅٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو تباہ کر دیا اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کرس ووکس نے 3 اور بین سٹوکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید :

کھیل -