پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکا،گڈ گورننس کے دعوے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے :لیاقت بلوچ ،میاں مقصود ودیگر کا ’’کرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤ مارچ ‘‘کے شرکاء سے خطاب

پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکا،گڈ گورننس کے دعوے عوام کے زخموں پر ...
پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکا،گڈ گورننس کے دعوے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے :لیاقت بلوچ ،میاں مقصود ودیگر کا ’’کرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤ مارچ ‘‘کے شرکاء سے خطاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے ،کرپشن اور حکمرانوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، کرپشن کے خاتمہ کو قومی ایکشن پلان کا حصہ بنایا جائے ،ہم کرپشن کے خاتمہ کی تحریک کو ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے اور عوام کو ساتھ لیکر اس کینسر کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیں گے ۔

جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام وحدت روڈ پر ’’کرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤ مارچ ‘‘کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن کرپشن کے زہریلے ناگ کا سر کچلے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کوئٹہ ،کراچی اور مردان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سانحات کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ۔

مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا کہ ملک میں پھیلی غربت ،جہالت ،بدامنی مہنگائی اور بے روز گاری کا اصل سبب کرپشن ہے ،حکومتی کرپشن کے ہاتھوں غریب عوام کے چولہے بجھ رہے ہیں ،لیکن حکمرانوں کے پاس عوام کے مسائل کے حل کا کوئی وژن ہے نہ صلاحیت ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمران باہم دست گریبان ہوکر اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اب 70,80یا 90کی سیاست نہیں چلے گی ،یہ 2016ء ہے ، حکمران محاذ آرائی کا ڈراما کرکے اب عوام کو فریب نہیں دے سکتے ،کرپشن کرنے والا ایک ہی ٹولہ ہے جو پارٹیاں اور چہرے بدلتے ہیں مگر اپنی لوٹ کھسوٹ کو چھوڑ نے کیلئے تیار نہیں ،حکمران آدھا ملک گنوا چکے ہیں اور جو آدھا باقی ہے اسے بھی برادری ازم ،لسانیت اور علاقائی تعصبات کی نظر کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے گڈ گورننس کے دعوؤں کو عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو روزگار ملتا ہے نہ انصاف اور حکمران آئے روز اپنی کامیابیوں کے گیت گاتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کی بات کرنے والے پہلے اپنی پارٹیوں سے کرپشن ختم کریں ،دائیں بائیں آف شور کمپنیوں کے مالکوں کو کھڑا کرکے کرپشن کے خاتمہ کے دعوے عوام کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش ہے ۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی آواز کوپنجاب کے گلی کوچوں تک پہچائیں گے اور ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی تحریک کی کامیابی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور اور ناظم اجتماع ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ لاہور کرپشن مٹاؤ پاکستان بچاؤ تحریک کا مرکزبنے گا لاہور سے جن قومی تحریکوں کا آغاز ہوا وہ کامیابی سے ہمکنار ہوئیں ،تحریک پاکستان کی کامیابی میں زندہ دلان لاہور کا نمایاں حصہ تھا ہم سینیٹر سراج الحق کو یقین دلاتے ہیں کہ لاہور کے عوام ان کی کال پر جانیں نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں۔ جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل نے کہا کہ نوجوان کرپشن فری پاکستان تحریک کے ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے ۔قوم کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے ،معاشرے میں نوجوانوں کی 65فیصد تعداد ہے ،نوجوان کسی بھی تحریک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور جس تحریک میں نوجوان شامل ہوجائیں اسے کوئی طاقت کامیابی سے نہیں روک سکتی ۔

مزید :

لاہور -