وزن کم کرنے کے لئے دنیا کا آسان اور تیز ترین طریقہ

وزن کم کرنے کے لئے دنیا کا آسان اور تیز ترین طریقہ
وزن کم کرنے کے لئے دنیا کا آسان اور تیز ترین طریقہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹاپے کو کم کرنا اگرچہ دنیا کے مشکل ترین کاموں میں سے ایک ہے لیکن اب ماہرین نے ایک ایسا آسان اور سادہ ترین طریقہ بتا دیا ہے جس پر عمل کرکے محض 2ماہ میں آپ 6کلوگرام سے زائد وزن کم کر سکتے ہیں اور اس میں آپ کو کھانا کھاتے ہوئے کیلوریز گننے کی بھی چنداں ضرورت نہیں ہو گی۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق وزن گھٹانے کے اس طریقے کو آپ تین حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔ پہلا واک کرنا، دوسراکچھ ورزش کرنا اور تیسرا مقدار سے صرفِ نظربرتتے ہوئے معیاری خوراک استعمال کرنا۔
اس طریقے میں سب سے پہلے آپ کو اپنی خوراک پر توجہ دینی ہو گی۔ آپ یہ مت دیکھیں کہ آپ کتنی کیلوریز کا حامل کھانا کھا رہے ہیں، صرف یہ احتیاط کریں کہ آپ جو کھا رہے ہیں وہ معیاری اور صحت مندانہ کھانا ہے۔ بازاری کھانے، جنک اور فاسٹ فوڈ، کیک پیسٹری، بسکٹ اور پروسیسڈ گوشت وغیرہ سے اجتناب برتیں اور اپنی خوراک میں تازہ پھل اور سبزیاں زیادہ سے زیادہ شامل کریں۔دوسرے نمبر پر روزانہ باقاعدگی سے واک کرنا شروع کر دیں۔ اس طریقے میں آپ کو روزانہ کم از کم 10ہزار قدم چلنا ہو گا۔

گندا بستر صحت کے لاتعداد مسائل کا سبب بنتا ہے، اسے صاف کرنا چاہتے ہیں تو لمبے چکروں میں پڑنے کی بجائے بس تھوڑی سی یہ قدرتی چیز اس پر چھڑک دیں اور۔۔۔
تیسرے نمبر پر آپ کو ہفتے میں محض 30منٹ کے لیے کچھ مخصوص ورزش کرنی ہو گی۔ سب سے پہلے وارم اپ ہونے کے لیے 30سیکنڈ تک جاگنگ کریں۔ پھر اس حالت میں کھڑے ہو جائیں کہ آپ کے پیر کندھوں کی چوڑائی کے برابر کھلے ہوئے ہوں اور ہاتھ سیدھے جسم کے ساتھ نارمل انداز میں ہوں۔ اپنی کمر کو بالکل سیدھا رکھیں۔ پھر جسم کو اسی حالت میں رکھتے ہوئے نیچے بیٹھیں جیسے کرسی پر بیٹھ رہے ہوں۔ اس پوزیشن میں آپ کی رانیں زمین یا فرش کے متوازی ہونی چاہئیں اور گھٹنے پیروں کے انگوٹھوں سے زیادہ آگے نہیں نکلنے چاہئیں۔اب دوبارہ آہستہ آہستہ کھڑے ہو جائیں اور اس ورزش کو دہرائیے۔


اس کے بعد اپنا سیدھا پاﺅں ایک بنچ کے اوپر رکھیں اور پھر ٹانگ کے پٹھوں پر زورڈالتے ہوئے دوسرا پاﺅں بھی اٹھا کر بنچ کے اوپر رکھیں۔ اب آپ بنچ کے اوپر کھڑے ہوں گے۔ اب اسی انداز میں واپس اتریں، دوبار اس طرح کرنے کے بعد پاﺅں تبدیل کریں اور اسی طریقے سے دو بار پھر بنچ پر چڑھیں اور اتریں۔
اگلی ورزش جسم کے کھنچاﺅ (Stretch)کے لیے ہے۔ اس ورزش کے لیے دیوار کے ساتھ ایک فٹ کی دوری پر کھڑے ہو جائیں اور اپنے ہاتھ دیوار پر رکھیں۔ ہاتھوں کی بلندی اور چوڑائی کندھوں کے برابر ہونی چاہیے۔ اب ایک ٹانگ اٹھا کر اسے ایک قدم پیچھے رکھیں۔ ایسے میں آپ کے ہاتھوں کا دباﺅ دیوار پر اور دونوں ایڑیوں کا دباﺅ فرش پر ہونا چاہیے اور آپ کی پشت بالکل سیدھی رہنی چاہیے۔اب ٹانگ تبدیل کر کے یہی ورزش دہرائیں۔


اب سیدھے کھڑے ہو جائیں اور ایک ٹانگ اٹھا کر پیچھے کی طرف موڑ یں اور اسی طرف کے ہاتھ (سیدھی ٹانگ ہو تو سیدھے ہاتھ سے اور بائیں ٹانگ ہو تو بائیں ہاتھ سے)سے پکڑ کرکھینچیں اور اوپر اپنے جسم کے ساتھ لگائیں۔اس صورت میں اپنی رانوں اور گھٹنوں کو ایک سیدھ میں رکھیں۔ اب ٹانگ تبدیل کر کے ورزش دہرائیں۔ اس ورزش کو کرتے ہوئے آپ دوسرے ہاتھ سے دیوار کا سہارا لے سکتے ہیں۔


اب ہاتھ اور پیر زمین پر لگا کر اس پوزیشن میں چلے جائیں کہ آپ کا باقی جسم زمین سے اوپر اٹھا ہوا ہو، ہاتھ کندھوں کے برابر کھلے ہوں ۔ ہاتھوں کی انگلیاں بھی کھلی ہوں اور پیروں کی ایڑیاں اوپر اٹھی ہوں اور پورا وزن پنجوں پر ہو۔ اب ایک جمپ لگا کر پیروں کو آگے لائیں اور اکڑوں حالت میں پنجوں پر بیٹھ جائیں لیکن آپ کے ہاتھ بدستور زمین پر لگے رہنے چاہئیں۔ اب ایک جمپ لگا کر ایسی پوزیشن میں کھڑے ہو جائیں کہ آپ کی پشت قدرے پیچھے کو نکلی ہوئی ہو اور ہاتھ سر سے اوپر کی طرف اٹھے ہوئے ہوں۔ اب واپس بیٹھنے والی حالت میں جائیں اور ٹانگوں کو جمپ لگا کر بالکل پہلی پوزیشن میں چلے جائیں۔ اب اس ورزش کو دہرائیں۔
اب ایک بار پھر ڈنٹرپیلنے والی پوزیشن میں جائیں۔ آپ کے ہاتھ اور پیروں کے پنجے زمین پر ہوں جبکہ باقی جسم اوپر اٹھا ہوا ہو۔ ہاتھوں کی انگلیاں کھلی اور سامنے کی طرف ہوں۔ اب اپنے سینے کو نیچے لانا شروع کریں اور اتنا نیچے لائیں کہ آپ کی کہنیاں 90کے زاوئیے پر آ جائیں۔ یہ کرتے ہوئے اپنی پشت اور ٹانگوں کو سیدھا رکھیں اور کمر میں خم نہ آنے دیں۔ اسی طرح اپنی بساط کے مطابق ڈنٹرپیلیں۔
اب آخر میں اپنے ہاتھوں اور گھٹنوں کو زمین پر رکھتے ہوئے ڈنٹرپیلیں۔ آپ کے پاﺅں اوپر اٹھے ہونے چاہئیں اور جسم کا پوراوزن گھٹنوں اور ہاتھوں پر ہونا چاہیے۔ یہ ڈنٹر پیلتے ہوئے بھی آپ کی کمر میں خم نہیں آنا چاہیے۔
پڑھنے میں آپ کو یہ ورزشیں بہت طویل لگیں گی لیکن جب آپ انہیں سمجھ کر عملاً کریں گے تو یہ محض چند منٹ میں مکمل ہو جائیں گی۔ یہ ورزشیں آپ کو ہفتے میں تین بار کرنی ہیں جن کا مجموعی دورانیہ کم از کم 30منٹ ہونا چاہیے۔ یوں اس ڈائٹنگ پلان اور ان ورزشوں اور واک کے ذریعے آپ صرف دو ماہ میں 6کلوگرام تک وزن کم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

مزید :

تعلیم و صحت -