ایشین ٹرافی کی چیمپئن قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

ایشین ٹرافی کی چیمپئن قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
 ایشین ٹرافی کی چیمپئن قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی مشترکہ چیمپئن پاکستان ٹیم وطن پہنچ گئی۔پاکستان کے کپتان رضوان سینئر ٹیم کے ساتھ کراچی نہیں آئے، ٹیم کے تمام کھلاڑی کراچی پہنچے جہاں سے دوسری فلائٹ کے ذریعے لاہور پہنچے۔وطن آمد پر میڈیا سے خصوصی بات چیت میں پلیئرز کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے طویل عرصہ کے بعد چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد وطن واپس لوٹے ہیں، عمران خان قومی ٹیم کو ایوان وزیر اعظم بلا کر انعام کی صورت میں ہماری حوصلہ افزائی کریں۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے ہمیں ایشین چیمپئنز ٹرافی، کامن ویلتھ گیمز سمیت دوسرے ایونٹس کے مجموعی طور پر 6لاکھ روپے نہیں مل سکے ہیں۔قومی پلیئرز کے مطابق ورلڈ کپ کی آمد آمد ہے، ایشین ایونٹ کی طرح ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کے حصول کے لئے ہمیں مالی طور پر مستحکم کرنا ضروری ہے،عرصہ دراز سے واجبات نہ ملنے کی وجہ سے ہم شدید مالی مسائل کا شکار ہیں،گھر کا نظام چلانا مشکل ہو گیا ہے، وزیر اعظم خود بھی سپورٹس مین رہے ہیں، ہمارے مسائل کو بخوبی جانتے ہیں، ان سے درخواست ہے کہ کرکٹرز کی طرح ہماری بھی انعام وکرام کی صورت میں حوصلہ افزائی کی جائے۔ کیمپوں کے دوران ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ہزار روپے یومیہ ملتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل مقابلوں کے دوران فی کھلاڑی ایک دن کے 150 ڈالر وصول کرتے ہیں۔ایشین چیمپئنز ٹرافی کا فائنل مسقط میں گزشتہ رات بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا جس کے بعد فائنل میں پہنچنے والی پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا ہے۔
ایونٹ کا فائنل مسقط کے سلطان قابو س اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا مگر میچ سے قبل میدان کو تیز بارش نے آلیا جس نے رکنے کا نام نہیں لیا۔موسم کی خرابی اور بارش کے سبب دونوں ٹیموں نے طویل انتظار کیا جس کے بعد ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے دونوں ٹیموں کے کوچز کی مشاورت کے بعد فائنل کو منسوخ کرکے پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دے دیا۔