کسانوں کو بلا سود قرضوں کیلئے 15ارب روپے مختص ، نعمان لنگڑیال

کسانوں کو بلا سود قرضوں کیلئے 15ارب روپے مختص ، نعمان لنگڑیال

لاہور (آن لائن) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کسانوں کی خوشحالی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی مالی بحران کے با وجود کسان دوست بجٹ پیش کیا گیا اور صوبائی بجٹ میں کسانوں کو اڑھائی لاکھ بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے 15ارب روپے مختص کیے گئے ہیں حکومت پنجاب رواں سال سورج مکھی کی کاشت کے فروغ کے لیے فی ایکڑ بیج پر 5ہزار روپے سبسڈی دے گی جبکہ آئندہ سال تیل پیدا کرنے والی دیگر فصلوں کے بیجوں پر بھی سبسڈ ی دی جائے گی حکومت پنجاب نے وزیر اعظم پاکستان سے کسانوں کے لیے نئے ٹریکٹروں کی زیادہ قیمتوں کے پیش نظر بیرون ملک سے سکینڈ ہینڈ ٹریکٹر ز منگوانے کی درخواست کی ہے زراعت کی ترقی کے بغیر ہم ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل نہیں ہو سکتے انہوں نے یہ بات پنجاب سیڈ کارپوریشن فارم پیرووال پر گندم کی کاشت کے لیے بیج تقسیم کرنے کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ایم پی اے سلیم لابر،ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری،ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن وحید اختر انصاری،ڈائریکٹر فارم زاہد اسحاق،سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،رضا حیات ہراج،اکبر حیات ہراج،عبدالرزاق نیازی،عارف زمان قریشی،پنجاب سیڈ کارپوریشن اور محکمہ زراعت کے افسران،کاشتکار اور ڈیلرز تنظیموں کے نمائندگان احمد رضا قادری،سمیت گندم کے کاشت کاروں نے شرکت کی صوبائی وزیر نے اس موقع پر مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن امسال کاشت کاروں کو گندم 8لاکھ 75ہزار من،کپاس ایک لاکھ من اور چاول کا 85ہزار من بیج فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی خوشحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے معیاری زرعی ادویات کھادوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ملاوٹ مافیا کے خلاف حکومت پنجاب زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ کسان دوست بجٹ میں موجودہ مالی سال کے لیے 93ارب روپے مختص کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ رواں سال گنے کی کریشنگ بروقت شروع کی جائے گی اور کاشتکاروں کو مقررہ سپورٹ پرائس کے مطابق ادائیگیاں یقینی بنائے جائیں گی صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ زرعی برآمدات کو بڑھانے کے لیے متعدد نئے منصوبے بھی شروع کیے جا رہے ہیں تقریب سے ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری،ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن،وحید اختر انصاری،ڈائریکٹر فارم زاہد اسحاق،چیئرمین انجمن کاشتکاراں پنجاب رانا افتخار احمد،ڈیلرز کے نمائندہ احمد رضا قادری،ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر آصف مجید نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈیلرز نے سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے گئے ۔

مزید : کامرس