پنجاب کے فنی تعلیمی بورڈ کو کرپشن سے پاک کریں گے : میاں اسلم اقبا ل

پنجاب کے فنی تعلیمی بورڈ کو کرپشن سے پاک کریں گے : میاں اسلم اقبا ل

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا دورہ کیا اور انہیں بورڈ کے تنظیمی ڈھانچے ، کورسز ، امتحانی نظام اور دیگر امور بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ صوبائی وزیر کا بورڈ کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کو پوری طرح متحرک اور فعال ادارے کے طور پر کام کرنا ہو گا۔بورڈ کو ہر قسم کی بد عنوانی اور کرپشن سے پاک کریں گے اوربورڈ کو فنی تعلیم کے فروغ کیلئے صحیح معنوں میں سہولتیں دینے والا ادارہ بنانا ہے۔ صوبائی وزیر اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کروڑوں روپے کی فیس ادا کرنے کے باوجود فنی تعلیم کے حوالے سے پریکٹیکلز کا نہ ہونا قابل افسوس ہے۔فنی تعلیم کے ہر ادارے پر لازم ہے کہ وہ ادارے میں پریکٹیکلز کیلئے لیب بنائے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بورڈ میں رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے کیلئے جدیدٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اوررجسٹریشن کے پورے عمل کو آن لائن کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد غریب کے بچوں کیلئے فنی تعلیم کے نظام کو آسان بنانا ہے اوراس مقصد کے لئے ہرممکن وسائل کو بروئے کار لائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے بورڈ ، محکمہ صنعت اور ٹیوٹا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی آئندہ دو ہفتوں میں امتحانی فیسوں ، امتحانی نظام اور بورڈ میں اصلاحات کیلئے سفارشات پیش کرئے گی اور ان سفارشات کی روشنی میں ایسی پالیسی بنائیں گے جس سے عام آدمی کے بچوں کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اداروں کو ہر حال میں ٹھیک کرنا ہے اور انہیں عوام کو سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے بنانا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت ، چیئرمین بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، سیکرٹری بورڈ، کنٹرولر امتحانات اور متعلقہ حکام نے شرکت۔

مزید : کامرس