ٹیرف اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں ،ماہرین

ٹیرف اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں ،ماہرین

لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر میں ٹیرف اور تجارتی تحفظ کے لیے اقدامات کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، ڈائریکٹر جنرل نیشنل ٹیرف کمیشن خضر حیات، ڈائریکٹر محمد ارشد، ممبر ٹیپو سلطان اور دیگر ماہرین نے خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ کاروباری شعبے کے حوالے سے ایسے اقدامات اٹھانا بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تجارت کا توازن قائم رکھنے میں نیشنل ٹیرف کمیشن بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی کارکردگی کا بہتر اورمؤثر ہونا انتہائی ضروری ہے کیونکہ مقامی صنعتوں کو ہر صورت اُن اثرات سے بچانا ہوتا ہے جن کی وجہ سے اُن کی بقاء اور ترقی ممکن ہوسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ مقامی انڈسٹری اپنے اندر مقابلے کی سکت بڑھائے۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، ایسی اشیاء جن کی سمگلنک پر قابو نہیں پایا جاسکا ان پر ٹیرف کی شرح کم کی جائے۔ نیشنل ٹیرف کمیشن کے عہدیداروں نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے نیشنل ٹیرف کمیشن کے افعال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ این ٹی سی ایکٹ 2015ء کے تحت ٹیرف اور دیگر تجارتی معاملات پر حکومت کی معاونت کرتا ہے، مقامی صنعتوں میں مقابلہ کرنے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھاتا ہے

، ٹیرف اصلاحات کرتا ہے اور ٹیرف کے متعلق ابہامات کو دور کرتا ہے۔ سیمینار کے شرکاء نے پالیسی سازی میں نیشنل ٹیرف کمیشن کے کردار سمیت دیگر سوالات پوچھے۔

مزید : کامرس