ایل ڈی اے کو عوامی خدمت کا فعال ادارہ بنانے کیلئے متحد ہو کرکام کرینگے، شیخ عمران

ایل ڈی اے کو عوامی خدمت کا فعال ادارہ بنانے کیلئے متحد ہو کرکام کرینگے، شیخ ...

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین شیخ محمد عمران نے کہا ہے کہ ایل ڈی اے کو عوامی خدمت کا فعال ادارہ بنانے کے لئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ کوئی شخص خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس کا ناجائز کام نہ کیا جائے اور جائز کام کسی کا رکنا نہیں چاہیئے۔ ‘اوپر سے نیچے تک سب کا بلاامتیاز احتساب ہوگا۔ایل ڈی اے کے ایس او پیز کو سادہ اور آسان بنایا جائے۔ اور محکمے کی پالیسیاں وزیر اعظم کے عوام دوست ویژن کے مطابق تشکیل دی جائیں تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جائیں ۔نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی جائے ۔

وہ گزشتہ روز جوہر ٹاؤن میں گورننگ باڈی کے ارکان کے تعارفی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرر ہے تھے۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے اس موقع پر اتھارٹی کے تمام ممبران کو خوش آمدید کہا اور انہیں ایل ڈی اے کے مختلف ونگز کی ذمہ داریوں ‘طریقہ کار اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ماہ کے دوران زیر و ٹالرنس کے ساتھ کام کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود ‘ارکان صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا، قصور سے ملک مختار احمد، شیخوپورہ سے عمر آفتاب اور ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ چونیاں ضلع قصور سے چیئرمین یونین کونسل نعیم رفیق، لاہور سے چیئرمین یونین کونسل حاجی محمد فیاض کے ساتھ ساتھ عامر ریاض قریشی اور میجر ریٹائرڈ سید برہان علی ‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان ‘ منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز‘ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل عبد الشکور رانااور چیف ٹاؤن پلانر سید ندیم اختر زیدی نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1