وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین اور معاہدوں کی راہ نگران حکومت ہموار کر گئی

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین اور معاہدوں کی راہ نگران حکومت ہموار کر گئی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان تین نومبر کو چین کے دورے پر جارہے ہیں اور اس ضمن میں مختلف معاہدوں اور سفارتی سطح پر کامیابی قراردیتے ہوئے حکومتی وزراء بڑے بڑے دعوے کررہے ہیں لیکن اب انکشاف ہوا ہے دراصل نگران حکومت ہی ان معاہدوں اور نئے وزیراعظم کے دورہ چین کی راہ ہموار کرگئی تھی۔ چین نے پاکستان کو تجارت کیلئے خصوصی رعایت دینے اوروزیراعظم پاکستان کو مہمان خصوصی کے طورپر بلاکر سرمایہ کاری کرانے کی یقین دہانی کرادی تھی۔روزنامہ پاکستان کوحاصل ہونیوالے منسٹری آف کامرس کے میٹنگ منٹس کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ جنگ نے 10اگست 2018ء کونگران دورحکومت کے وزیرکامرس میا ں مصباح الرحمان سے ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں ایڈیشنل سیکریٹری جاوید اکبر اور جوائنٹ سیکریٹری نے بھی شرکت کی ، اس دورا ن پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور معاشی تعلقات سے متعلق کئی معا ملا ت زیربحث آئے۔ ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے بتا یا چینی حکومت نومبر2018ء میں ہونیوالے چائنہ امپورٹ فیسٹول کیلئے پاکستان کے نئے وزیراعظم کو مہمان خصوصی کے طورپر بلا نے پر غور کررہی ہے اور اس دورے کو مزید مفید بنانے کیلئے چینی سفیر نے تجویز دی کہ وزیراعظم کے دورے سے قبل وزیرکامرس یا سیکر یٹری کا مر س کی سربراہی میں ایک وفد چین کا دورہ کرے جو وزیراعظم کے دورے کا ایجنڈا تیارکرے اوران شعبوں کی نشاندہی کرے جہاں تعاون ہو سکتاہے۔مہمان سفیر نے بتایا سی پیک کا بنیادی ہدف توانائی اور مو اصلات سے متعلق منصوبے ہیں ، چینی حکومت نے تجارت میں توسیع، بر ا ہ راست غیرملکی سرمایہ کاری اور سوشل سیکٹرمیں تعاون کے ذریعے پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید وسعت د ینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں شعبہ جات کی بھی نشاندہی کرلی گئی ، چینی حکومت یہ اعلان کرنے پر غور کررہی ہے کہ پاکستان کی چین کیلئے برآمدات میں اضافے کیلئے یکطرفہ طو رتجارت میں خصوصی تجارتی رعایت دی جائے، چینی کسٹمز کا ایک وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ مارکیٹ کا جائزہ لیا جا سکے اور ان معاملات پر غور کیاجاسکے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کا ر ی سے متعلق چینی سفیر نے بتایا چینی حکومت پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانے کیلئے جوائنٹ وینچرکو فروغ دینے کیلئے خصوصی ا قدامات اور سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کرے گی ، انہوں نے تجویز دی شنگھائی امپورٹ فیسٹول پاکستان کیلئے اپنی انوی سٹمنٹ پو ٹینشل دکھانے کا بہترین موقع ہے۔تحریک انصاف کے حکومت سنبھالنے سے قبل ہونیوالی اس ملاقات کے دوران نگران وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہو ئے تجارتی خسارے پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے اس خلاء کو پرکرنے کیلئے بھی خصوصی ا قدامات پر زور دیا جس پر چینی سفیر نے بتایا چینی کرنسی یوآن میں باہمی تجارت کرنے سے اس خلاء کو پرکیاجاسکتا ہے اور اس ضمن میں سٹیٹ بینک کے حکام کیساتھ میٹنگ ہونا باقی ہے۔کامرس منسٹر نے پاکستانی تاجر کمیونٹی کو درپیش ویزا کے مسائل بھی اٹھائے اور باہمی تجارت میں اضافے کیلئے اس کی اہمیت اجاگر کی جس پر چینی سفیر نے جلد ویزا مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران نگران وفاقی وزیر نے پاکستان کے آٹوموبائل سیکٹر میں چینی سرمایہ کاری کو سراہا۔ ملاقات کے آخر میں چینی سفیر نے نئی حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کرنے کا عندیہ دیا اور امید ظاہر کی کہ نئی حکومت تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے کر جائے گی۔

مزید : صفحہ آخر