عمران فاروق قتل کیس ، ایف آئی اے کو بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کیلئے برطانیہ سے رابطے کی اجازت مل گئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کیلئے برطانیہ سے رابطہ کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کے سربراہ مظہر الحق کاکا خیل کی منظوری سے کیس میں بانی ایم کیوایم کی پاکستان حوالگی کیلئے وزارت داخلہ کو ایک درخواست بھجوائی گئی تھی جسے وزارت داخلہ نے منظور کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق اب یہ درخواست وزارت خارجہ کو بھجوائی جائے گی جو بانی ایم کیوایم کی حوالگی کیلئے برطانوی وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے انہیں باضابطہ درخواست دے گی ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی درخواست کے ساتھ عمران فارق قتل کیس کا چالان اور جے آئی ٹی رپورٹ سمیت دیگر دستاویزات بھی منسلک کی گئی ہیں۔ایم کیوایم کے سابق رہنما عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ نے سال 17-2016 میں مقدمہ درج کیا تھا۔
عمران فاروق قتل کیس