حقیقی جمہوریت کیلئے جمہوری اداروں کا استحکام ضروری،سراج الحق

حقیقی جمہوریت کیلئے جمہوری اداروں کا استحکام ضروری،سراج الحق

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے لیے افراد کے بجائے جمہوری اداروں کااستحکام ضروری ہے ۔ غیر جمہوری اور آمریت کی سوچ رکھنے والی جماعتوں نے جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔ جمہوریت کی راہ میں اصل رکاوٹ سیاسی جماعتوں کے نام پر خاندانوں ، لسانیت اور شخصیت کے گرد گھومنے والی جماعتیں ہیں ۔ جمہوری نظام کے استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لاناہوگی ۔ جب تک شخصیات اور افراد کی بجائے ادارے مضبوط نہیں ہوں گے ، ملکی معاملات کو صحیح ڈگر پر نہیں لایا جاسکتا ۔ملک کی سیاست وراثت کی ڈگر پر چل رہی ہے ۔باپ کے بعد بیٹا اور بیٹے کے بعد پوتا اور نواسا پارٹی سربراہ بن بیٹھتاہے ۔ جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس میں مضبوط جمہوری نظام قائم ہے ، اس کے لیے جماعت اسلامی تابناک تاریخ رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نومنتخب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم کی قیادت میں وفد سے منصورہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جمہوری کلچر کے فروغ کے لیے جماعتوں کے اپنے اندر جمہوریت کا ہونا ضروری ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وفاق کی مضبوطی کے لیے صوبوں کا مضبوط ہونا ضروری ہے ۔ اٹھارویں ترمیم کے نتیجہ میں صوبوں کو جو حقوق ملے ہیں ، ان کو عملاً نافذ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے صوبے تحفظات کا اظہار کررہے ہیں ۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر