توہین رسالت کیس ،آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد

توہین رسالت کیس ،آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین رسالت کیس میں سزائے موت یافتہ آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد کردی گئی،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ آسیہ مسیح کیس میں فیصلہ محفوظ کرچکی ہے، ہم عدالت عظمی کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ عدالت نے آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سنگل بنچ کا فیصلہ برقرار رکھا۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ نے آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کی؟۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عدالت عظمی نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا، تاہم ہمیں خطرہ ہے کہ نظرثانی اپیل سے قبل ملزمہ ملک سے فرار ہوجائے گی۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ آسیہ مسیح کیس میں فیصلہ محفوظ کرچکی ہے، ہم عدالت عظمی کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ عدالت نے ای سی ایل پر نام ڈالنے کی استدعا مسترد کرتے درخواست نمٹادی۔

توہین رسالت کیس

مزید : صفحہ آخر