محروم طبقے کی نمائندگی کرتا ہوں حقوق دلاکر دم لوں گا ، عثمان بزدار

محروم طبقے کی نمائندگی کرتا ہوں حقوق دلاکر دم لوں گا ، عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محروم معیشت طبقے کی نمائندگی کرتا ہوں، حقوق دلا کر دم لوں گا۔ پنجاب مثبت سمت میں پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے۔ جنوبی پنجاب سمیت ہر چھوٹے بڑے شہر کے مسائل پر نظر ہے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے مختلف شہروں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی دیں گے اور جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا بھرپور ازالہ کریں گے۔ معاشی مسائل کے باوجود بجٹ میں ہر ضلع کیلئے ترقیاتی پیکیج دے رہے ہیں۔ ڈویلپمنٹ سکیموں کیلئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کریں گے۔ 100 روز مکمل ہونے پر حقیقی فلاحی پلان سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالات دن بدن بہتری کی جانب جا رہے ہیں، اچھا وقت جلد آئے گا۔ ہر کام میرٹ پرہوگا، کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرکاری افسران گڈ گورننس اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ترقی اور تبدیلی کے تاریخی سفر میں بیوروکریسی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پنجاب میں سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے بہترین افسروں کی ٹیم لا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں تعینات کئے جانے والے افسروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ اپنے ملک اور آنے والی نسلوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہمارا مشن ہے۔ اس مشن کی کامیابی کیلئے پوری ٹیم کو دن رات ایک کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیانتداری سے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دینے والے افسروں کی قدر کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب کا ہر افسر میری ٹیم کا رکن ہے اور میں اپنی ٹیم کے ہر رکن کی قدر کرتا ہوں اور ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والوں کے ساتھ ہوں۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے کے مطابق تبدیلی کیلئے بھرپور محنت کرنی ہے۔ پنجاب 100 روزہ ایجنڈے پر عملدرآمد کے سلسلے میں لیڈ کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے نئے تعینات ہونے والے سیکرٹریوں، کمشنروں، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنروں، ڈی پی اوز، اسسٹنٹ کمشنروں سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی اور انہیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات پیشہ ورانہ انداز سے کام کرنے کی تاکید کی۔وزیراعلیٰ آفس میں نئے تعینات ہونے والے افسروں کے اعزاز میں ٹی پارٹی دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے افسران کو اپنائیت کا احساس دلاتے ہوئے نئی روایت قائم کی جس سے افسروں کا اعتماد بحال ہونے مدد ملی گی اور وہ اپنی کارکردگی کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں گے۔ افسران نے اسے خوشگوار تبدیلی سے تعبیر کیا ہے۔ افسران نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی فرداً فرداً ملاقات منفرد واقعہ ہے۔ ماضی میں ایسی کوئی روایت نہیں تھی۔ ترقی اور تبدیلی کے سفر میں وزیراعلیٰ کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

مزید :

صفحہ اول -