نیب، منشابم میں کوئی فرق نہیں ، حمزہ شہباز ، ن لیگی رہنماء کی باتیں بے تکی ہیں ، فیاض چوہان

نیب، منشابم میں کوئی فرق نہیں ، حمزہ شہباز ، ن لیگی رہنماء کی باتیں بے تکی ہیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیازی صاحب اپنی تلاشی کی باری آئی تو نیب کے پیچھے چھپ رہے ہیں،نیازی خان آئے روز دھمکیاں دیتے ہیں جو خود مسٹر کلین نہیں، آپ نے بھی خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر پر سیر سپاٹے کیے ہیں۔ پیر کو لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر حمزہ شہباز نے میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب ہر پریس کانفرنس میں دھمکیاں دیتے ہیں یہ کس کو ڈراتے ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ جعلی ووٹوں پر جعلی وزیراعظم بن کر آئے ہیں، کہنے کو جمہوری حکومت ہے میں اسے جعلی حکومت کہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نیب اور منشا بم میں کوئی فرق نہیں ہے، منشا زمینوں پر قبضے کرتا ہے اور نیب آزادی کو قبضے میں لیتا ہے، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کیا جاتا ہے اور اب نیب پراسیکیوٹر کے پاس آئیں بائیں شائیں کے سوا کچھ نہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ کابینہ ارکان نیب زدہ ہیں، پرویز خٹک، علیم خان، پرویز الہی یہ لوگ نیب میں پیشیاں بھگتتے رہے ہیں حمزہ شہباز نے کہا عمران خان نے قوم کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا، قوم اس کا حساب لے گی اور نواز شریف اور شہباز شریف کو اللہ تعالی سرخرو کرے گا۔دریں اثناء شہباز شریف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز نیب کے خلاف بے تکی اور بے ڈھنگی باتیں کر رہے ہیں، احتساب پر شریف برادران کی چیخیں مریخ تک سنائی دے رہی ہیں۔ اب 22کروڑ عوام ان کے فریب میں نہیں آئیں گے۔مزید برآں صوبائی وزیر اطلاعات نے گزشتہ روز الحمرا کلچر ل کمپلیکس میں پانچویں یونیک ڈرامہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے سماجی ارتقا ء ناگزیر ہے اور ہمیں اپنی مشرقی روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ثقافت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کو اٹھانا ہونگے اور اقوام عالم میں اپنی ثقافت کو متعارف کروانے کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہپانچویں یونیک ڈرامہ فیسٹیول جس میں لاہور کے 50 سے زائدتعلیمی ادارے شرکت کر رہے ہیں کا عنوان’’کیسا ہو نیا پاکستان‘‘ ہے۔ پہلے روز لاہور کے 19تعلیمی اداروں کی ٹیموں نے مختلف موضوعات پر ڈرامے پیش کیے ۔ ڈرامہ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تا کہ وہ دنیا کے جس کونے میں بھی جائیں وہاں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ملک کے مثبت امیج کو عام کریں ۔ڈرامہ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزپروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ ڈرامہ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد ملک کے مثبت تاثر کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ طلبہ کی کردار سازی بھی ہے جس کے ذریعے آج کے بچے مستقبل میں ملک کی معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ تقریب میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی ممبران صوبائی اسمبلی طلعت نقوی،آ سیہ امجد، مومنہ وحید کے علاوہ معروف آرٹسٹ راشد محمود ، توقیر ناصر ، عفت رحیم ، نشو بیگم، صوفیہ احمد ، گلوکار وارث بیگ، سہیل تافو، معروف اینکر سہیل وڑائچ، منیب فاروق ، ڈاکٹر مجاہد منصوری ، ڈائریکٹر جنرل پیلاک ڈاکٹرصغریٰ صدف نے بھی شرکت کی ۔
حمزہ، فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -