نومنتخب امیر جماعت اسلامی سندھ کل حلف اٹھائیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نومنتخب امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی کی تقریب حلف برداری بدہ31اکتوبر کو شام 5بجے جماعت اسلامی کراچی کے دفتر ادارہ نورحق میں منعقد ہوگی، صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق تقریب میں مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق مہمان خصوصی اور خصوصی خطاب کریں گے جبکہ مختلف سیاسی،سماجی تنظیموں کے قائدین، صحافی، دانشور اور جماعت اسلامی وبرادر تنظیمات کے ذمہ داران کو مدعو کیا گیا ہے۔اس سے قبل ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی بطور صوبائی امیر کے اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے،دستوری ترمیم کے مطابق مقام سے لیکر صوبائی امیر تک ایک فرد دو سیشن کے بعد تیسری مربتہ منتخب نہیں کیا جاسکتا، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی دو مرتبہ سندھ کے امیر رہ چکے ہیں۔