محمود خان کی قیادت ملاکنڈ ڈویژن ترقی کی راہ پر گامزن ہے

محمود خان کی قیادت ملاکنڈ ڈویژن ترقی کی راہ پر گامزن ہے

پشاور(سٹاف رپورٹر)تحصیل نائب ناظم بٹ خیلہ صفدر شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حقیقت پسندانہ فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب ملاکنڈ ڈویژن سے کیا ہے اور وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں ملاکنڈ ڈویژن پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کے حوالے سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں اور وزیراعظم عمران خان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ محمود خان پانچ سال کیلئے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کو ملک کی تاریخ میں پہلی بار یہ اعزاز حاصل ہواہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس پسماندہ علاقے سے صوبے کے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جس پر پورے ڈویژن کے عوام وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشکور ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے جاری کئے گئے ایک بیان میں کیا۔تحصیل نائب ناظم صفد رشاہ کا کہناتھا کہ حقیقی معنوں میں پاکستان تحریک انصاف ہی نے ملاکنڈڈویژن کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور اس خطے کو ملک کے دیگر حصوں سے آسان راستے کے ذریعے ملانے کیلئے صوبائی نوعیت کے پہلے موٹر وے کو عملی شکل دی ہے جس پر آئندہ دسمبر تک تعمیراتی کام مکمل ہوکراسے عوام کیلئے کھولا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں تمام تعمیراتی کاموں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ حکام کو واضح احکامات جاری کئے ہیں اور وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت اپنے پانچ سالہ دور میں اس علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے گی جو علاقے کے عوام کی تقدیر بدلنے کا محرک بنیں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر