25جولائی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو حادثاتی مینڈیٹ ملا ہے :سکندر شیر پاؤ
صوابی (بیورورپورٹ) قومی وطن پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے چیر مین اور سابق صوبائی سینئر وزیر سکندر حیات خان شیر پاؤ نے پاکستان میں پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کو انجینئرڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کو حادثاتی مینڈیٹ ملا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سیاسی میدان میں ناتجربہ کار پی ٹی آئی کے حکمران نہ صرف عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں بلکہ ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ کر دیا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے مانیری شگئی میں پارٹی کے مقامی رہنما ثمر خان کے والد متشر کاکا کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کر تے ہوئے کیا پارٹی کے ضلعی چیر مین مسعود جبار خان کے علاوہ حاجی فیاض علی خان، افتخار خان ، خالد باچا ، نیاز خان ، شیر ولی خان ٹھیکہ دار ، واحد خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجو د تھے۔سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا کہ ا س وقت پاکستان شدید بحرانوں کا شکار ہے اسلئے سنجیدہ قیادت کو ملک کی صورتحال کو درست سمت لے جانے کے لئے ایک کلیدی کر دار ادا کرنا ہو گاتاکہ پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالا جا سکے انہوں نے کہا کہ انصاف اور میرٹ پر اقتدار میں آنے والے پی ٹی آئی کے جعلی حکمرانوں کے پاس ملک کی ترقی اور عوام کے فلاح و بہبود کے لئے کوئی منصوبہ و پروگرام ہی نہیں خیرات زکوۃ صدقات اور ملک کے عوام سے چندہ لینے والوں نے بیرونی قرضے لے کر اقوام عالم میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی اس وقت پارلیمنٹ اور ایوان بالا کی بجائے ملک کی سلامتی کے فیصلے بنی گالا میں ہو تے ہیں انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست عام کرنے والے رات کی تاریکی میں سیاسی لیڈر شپ سے ملنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ ملک بھر میں پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے غیر سنجیدہ اور نان ایشوز میں الجھ کر عوام کے حقیقی مسائل کے حل کی طرف توجہ دینے کی بجائے اس سے رو پوشی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی ہماری قیادت جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بالا دستی کے لئے عملی کر دار ادا کر رہی ہے اپنے جداگانہ حیثیت اور تشخص کو کبھی ختم نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ صوبے کی تعمیر و ترقی اور پختونوں کے حقوق کے لئے مستقبل میں بھی عملی کر دار ادا کر تے رہیں گے پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کے علاوہ اربوں روپے بیرونی دنیا سے قرضہ لے کر غریب عوام کو مزید غربت میں دھکیل دیا اسی طرح گیس ، بجلی ، پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر ضروریات زندگی کے اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر کے اس کا سارا نزلہ غریب عوام پر گرا دیا قومی وطن پارٹی مہنگائی اور ناجائز ٹیکسوں کے خلاف بھر پور آواز اُٹھائے گی #