ضلعی انتطامیہ سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، رومان برانہ
ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ)ضلعی انتظامیہ لوگوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں سرکاری محکموں کی طرف سے مختص کردہ سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر رومان برانہ نے آج سرکٹ ہاؤس ڈیرہ میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہری کے انعقاد کے موقع پر کیا۔ کھلی کچہری میں محکمہ پولیس، خوراک،ریوینیو، پبلک ہیلتھ، بلدیات، ٹی ایم اے، سی اینڈ ڈبلیو، سوشل ویلفیئر، ایریگیشن سمیت دیگر محکموں کے ذمہ داران موجود تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے محکمہ مال، ٹی ایم اے، واسا، خوراک، ٹریفک، سوئی گیس وغیرہ کے حوالے سے شکایات بیان کیں جن کے حل کیلئے اسسٹنٹ کمشنر نے انہیں جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جس سے لوگوں کی تکالیف کا ازالہ بہ آسانی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز قابضین سے سرکاری زمینیں واگزار کرانے ، غیر قانونی سوسائٹیز کیخلاف کریک ڈاؤن مہم ، ناجائز منافع خوروں ، بھتہ خوروں، غیر قانونی بھانڑوں کے خلاف کاروائی اور انہیں شہر سے باہر منتقل کرنے کے انتظامات ، پولیس گردی کے خاتمے، ٹریفک پلان کو ترتیب دینے جیسے اقدامات کیلئے ضلعی انتظامیہ چوکس ہے اور کسی طرح کی بھی رو رعایت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پلازوں کی تعمیر کے وقت پارکنگ کی گنجائش بھی رکھی جائے ورنہ انکے خلاف کریک ڈاؤن عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گداگری کی لعنت کے خاتمے ، چنگ چی رکشوں سے متعلق مسائل اور کم عمر چنگ چی ڈرائیورز کے خلاف بھی کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ اشیاء خورد و نوش کے نرخناموں پر پابندی کروانا اور ملاوٹ سے پاک معیاری اشیاء کی خرید و فروخت کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس کی طرف سے گیس کے کم پریشر جیسے مسائل سے امن عامہ کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے جس کے حل کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کو حکومت کی طرف سے تقویض کردہ سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کھلی کچہریوں کے انعقاد سے ہم لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات سے متعلق آگاہی حاصل کر سکتے ہیں اور ان کے تدارک کیلئے مناسب اور بروقت اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔
Back to Conversion Tool