کراچی ماس ٹرانزٹ کا نام ’کراچی بریز‘ تجویز

کراچی ماس ٹرانزٹ کا نام ’کراچی بریز‘ تجویز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے رسمی طور پر کراچی بس اور ماس ریپڈٹرانزٹ سسٹم کے نئے نام کراچی بریز کا اعلان کیا۔کراچی ٹرانسپورٹ سسٹم سندھ حکومت کے ماس ٹرانزٹ ماسٹر پلان کا حصہ ہے ۔کراچی بریز نام کی منظوری سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان طویل عرصے تک گفتو شنید کے بعد اس سال مئی میں دی تھی۔ اس سروس کا مقصد نقل و حمل میں آسانی پیدا کرنا ہے اور شہر میں کام کے سلسلے میں جانے والے مسافروں کو اعلیٰ معیاری سہولیات فراہم کرنا ہیں۔ بی آر ٹی اعلیٰ معیار ی بس سروس ہے جو ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ مسافروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ اور اُن کی مطلوبہ منزل تک سستا، سہل اور آرام دہ سفر فراہم کرتی ہے ۔ یہ بس سروس اپنے مخصوص روٹ پر چلے گی جس کی وجہ سے شہر میں ہونے والے ٹریفک جام اور دیگر متعلقہ مسائل سے یہ سروس متاثر نہیں ہوگی اور اپنے مقررہ اوقات کار میں مقامات پر پہنچے گی۔نئے نام پر بات کرتے ہوئے ایس ایم ٹی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد اطہرنے کہا جس طرح ہمارے شہر میں سمندری ہوائیں سخت گرمی میں راحت فراہم کرتی ہیں اسی طرح کراچی بس سروس بھی شہریوں کو نقل و حمل میں راحت ، قابل اعتماد اور سکون فراہم کرے گی۔کراچی میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد اپنی ذاتی ٹرانسپورٹیشن کا استعمال کرتی ہے جن میں کاریں اور موٹر سائیکل شامل ہیں۔ 2018ء میں لوجیٹ ،ریبل اور ایکسپونینٹ نے ایس ایم ٹی اے کے لئے مشترکہ طور پر تحقیق کی جس سے معلوم ہوا کہ یہ ذاتی ٹرانسپورٹیشن ٹریفک مکس کا 84فیصد ہیں جس میں 54فیصد مسافر سفر کرتے ہیں اس کے مقابلے میں پبلک ٹرانسپورٹ ٹریفک مکس کا صرف 3فیصد ہے لیکن اس میں 34فیصد مسافر سفر کرتے ہیں۔

Bac

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر