بر وقت ایف آئی آر درج نہ کرنے پر ایس ایچ او کو نوٹس

بر وقت ایف آئی آر درج نہ کرنے پر ایس ایچ او کو نوٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( کرائم رپورٹر ) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور قاضی جمیل الرحمن نے چوری کی بروقت FIR درج نہ کرنے پر سابق ایس ایچ او تھانہ کوتوالی وارث خان کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا جبکہ بروقت کارروائی نہ کرنے پر محرر تھانہ کوتوالی کو لائن حاضر کر دیا اور تمام تھانوں کو چوری اور راہزنی سمیت سٹریٹ کرائم کی کسی بھی واردات کی فوری ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایات جاری کر دیں سی سی پی او نے کہا کہ پولیس اہلکار خود کو حقیقی معنوں میں عوام کا خادم سمجھتے ہوئے بروقت ان کی داد رسی کو یقینی بنائیں تفصیلات کے مطابق محمد عارف ولد فضل حسین سکنہ محلہ اندرون گنج بازار نے سی سی پی او پشاور کو درخواست دی کہ اس کی گنج گیٹ آفریدی مارکیٹ میں جیولری کی دکان ہے 22 اگست کو اس کی دکان سے نامعلوم چور طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء ، نقد رقم اور ایک عدد پستول چوری کئے تھے جس کی باضابطہ طور پر کارروائی کے لئے اس وقت کے ایس ایچ او تھانہ کوتوالی وارث خان کو درخواست دی گئی تھی لیکن دو ماہ گزرنے کے باوجود ایس ایچ او نے FIR درج کی نہ ہی کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کا سی سی پی او نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر محرر کو لائن حاضر کر دیا جبکہ اس وقت کے ایس ایچ او وارث خان کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 یوم کے اندر وضاحت طلب کر لی سی سی پی او نے واضح کیا ہے کہ پولیس اہلکار خود کو حقیقی معنوں میں خادم سمجھتے ہوئے عوام کے بروقت داد رسی کریں انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا