پاکستان کوارٹرز کے معاملے پرلسانیت کو ہوادی گئی ،اشرف قریشی

پاکستان کوارٹرز کے معاملے پرلسانیت کو ہوادی گئی ،اشرف قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری اشرف جبار قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کوارٹرز کے معاملے پر ایم کیو ایم نے منفی سیاست کی۔ اس معاملے پر اشتعال انگیزی اور لسانیت کو ہوا دی گئی۔ ایم کیو ایم کا جھگڑا پاکستان کوارٹرز نہیں بلکہ صرف سیاسی مفادات ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں کراچی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو پاکستان کوارٹرز میں ہوا، اس پر افسوس ہے۔ ہم اس معاملے کو گہرائی سے دیکھ رہے ہیں۔ پولیس لاٹھی چارج اور تشدد بالکل نہیں ہونا چاہئے تھا۔ لاٹھی چارج سے ایک ضعیف شخص جو شدید زخمی ہوا اور آئی سی یو میں داخل ہوا اپنی یاد داشت کھو بیٹھا ہے۔ زخمیوں کا علاج پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت میں صحیح طریقے سے نہیں ہوا۔ یہ محکمہ صحت اور سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ زخمیوں کا مکمل علاج ہونا چاہئے تھا اور ہمارا مطالبہ ہے کہ اس ضعیف شخص سمیت تمام زخمیوں کی مکمل صحت یابی تک سندھ حکومت ان کا خیال رکھے۔ اس پورے واقعے نے پاکستان کوارٹرز کے کیس کا ماحول خراب کردیا ہے۔ فاروق ستار اسے لسانیت کا رنگ دے رہے ہیں۔ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں، یہ بھی ہمیں معلوم ہے۔ ہم انہیں ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ فاروق ستار ایم کیو ایم کے اس گروہ سے ہیں جو اب تک لسانیت پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوارٹرز کا مسئلہ نیا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ چالیس سال پرانا مسئلہ ہے۔ ہم اسے جائز طریقے سے لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ تین ماہ میں گورنر سندھ کی زیر نگرانی ایک کمیٹی کی مدد سے ہم اس مسئلے کا مناسب حل نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت کا حصہ ہونے اور ایم کیو ایم کا وفاقی وزیر ہاؤسنگ ہونے کے باوجود ایم کیو ایم نے اس مسئلے کو حل نہیں کیا اور پس پشت ڈالے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ جو لیڈرشپ کراچی کو اپنا کہتی تھی وہ آج مخالفت کر رہی ہے۔ پاکستان کواٹرز پر ایم کیو ایم سیاست کر رہی ہے اور کچھ رہنماؤں نے تو لوگوں کواشتعال بھی دلایا۔سندھ حکومت پاکستان کوارٹرز میں زخمیوں کا مکمل علاج کروائے۔ کچھ سیاسی رہنماؤں نے الیکشن کو قریب سمجھ کر پاکستان کوارٹرز کے معاملے پر سیاست چمکائی۔مظاہرین کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آر واپس لی جائے۔جہاں جہاں متحدہ کی حکومت رہی ہے، وہاں وہاں تباہی ہے۔چوالیس انچ کی پائپ لائن پر پانی کے ڈائریکٹ کنکشن لگائے جا رہے ہیں۔ حکومت کا اتحادی ہونے کا مقصد یہ تو نہیں کہ ہم کراچی کے عوام کو اکیلا چھوڑ دیں گے۔فاروق ستار یا کسی اور کوزبان کی بنیاد پر سیاست نہیں کرنے دیں گے۔